قوم کو گمراہ کرنے کیلیے اقبال کے افکار غلط استعمال نہ کیے جائیںمشاہد

پی پی نے کبھی سازش نہیں کی، اقبال کے افکار کے مطابق چلنے کی کوشش کی،روبینہ قائم خانی

علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا یہ وہ نہیں،ولید اقبال کی پروگرام تکرار میں گفتگو. فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ بطور قوم ہم نے اقبال کے نظریات کو نہیں اپنایا، عشق حقیقی ،عشق مزاجی ،فقیری،آزادی ان کے افکار تھے لیکن ہم نے ان کی تعلیمات اور افکار کو فراموش کردیا۔

انھوں نے کہاکہ خودی نہ بیچ غریبی میں نام پیدا کر اور ہم نے اتنے قرضے لیے کہ آج ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے۔ پروگرام تکرار میں اینکر پرسن عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ ہمیں قوم کو صحیح راستہ دکھانے کی بات کرنی چاہیے قوم کو گمراہ کرنے کے لیے کم از کم اقبال کے افکار کو غلط انداز میں استعمال نہیں کرنا چاہیے، سپریم کورٹ کا جو فیصلہ ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں اور ہم نے کہا ہے کہ ہم تحقیقات میں پیش ہونے کو تیار ہیں چاہے جس سے بھی کرالیں، اگر نگران حکومت توقع کے مطابق بنتی ہے تو ایڈمنسٹریٹو اختیارات صدر کے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔


پیپلزپارٹی کی رہنما روبینہ قائم خانی نے کہاکہ شاعرمشرق نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا 65 سال کا پاکستان اس خواب پر پورا نہیں اترتا، آج کا دن تجدید عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل کریں گے اور پاکستان کی بہتری اورترقی کے لیے دن رات محنت کریں گے، پاکستان میں آج جمہوریت بھٹو خاندان کی بدولت ہے پیپلزپارٹی نے کبھی سازش نہیں کی اور ہمیشہ اقبال کے افکار کے مطابق چلنے کی کوشش کی ہے ہم نے جن کے لیے سزائیں کاٹی ہیں ان کو اپنے ساتھ میز پر بٹھایا ہے۔

شاعرمشرق علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال نے کہا ہے کہ علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا یہ وہ پاکستان نہیں، پاکستان کے ابتدائی چند سالوں کے بعد ان کا خواب بہت بھیانک ہوچکا ہے لیکن میں پھر بھی مستقبل سے پرامید ہوں اور آج بھی ہم اقبال کے افکار پر عمل کریں تو پاکستان کی حالت بدل سکتی ہے ۔انھوں نے کہاکہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں ایک ہی سکے کے دورخ ہیں عوام کو اب ان سے جان چھڑانی ہوگی ۔علامہ اقبال کے فلسفے میں ملوکیت زوال کی وجہ ہے پاکستان میں سیاست کی ناکامی کی بڑی وجہ ملوکیت بھی ہے ۔
Load Next Story