کراچی گلشن اقبال اور نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ7 افراد جاں بحق

کراچی میں آج فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

رواں برس کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں1900 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ فوٹو: فائل

گلشن اقبال میں ہوٹل پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 اور نارتھ ناظم آباد میں سیفی کالج کے قریب فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ہوگئے۔ شہر میں فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی ۔

پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک ٹو میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک ہوٹل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ نارتھ ناظم آباد میں سیفی کالج کے قریب بھی فائرنگ کے واقعے میں 2افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔


کورنگی نمبر 6 میں ایک شخص ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا جبکہ جمعہ گوٹھ میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا ۔

پرانا گولیمار کے علاقے ریکسر لائن میں تنازع کے حل کے لئے آئے ہوئے دو جرائم پیشہ گروپوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

Recommended Stories

Load Next Story