بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کا پاک بھارت میچ سے قبل عمران خان کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ

کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سابق بھارتی کرکٹر سارو گنگولی عمران خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیں گے۔

کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سابق بھارتی کرکٹر سارو گنگولی عمران خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیں گے۔ فوٹو؛ فائل

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاک بھارت میچ سے قبل کل بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا جائے گا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کل سب سے بڑا مقابلہ کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا جس کے لیے دونوں ملک کے عوام پرجوش ہیں جب کہ پاکستان اور بھارت کی اہم شخصیات بھی میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گی اور پاکستان کی جانب سے سابق کپتان عمران خان بھی میچ دیکھنے کے لیے بھارت پہنچ چکے ہیں۔


عمران خان پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے نئی دلی پہنچے ہیں جہاں سے وہ کل کولکتہ جائیں گے جب کہ اس موقع پر بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے عمران خان کو پاک بھارت میچ سے قبل لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن نے عمران خان سے رابطہ کیا ہے اور انہیں کل میچ سے قبل ایوارڈ دینے سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے جہاں ایڈن گارڈن میں بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور سابق بھارتی کرکٹر سارو گنگولی عمران خان کو ایوارڈ دیں گے۔

دوسری جانب پاک بھارت میچ دیکھنے کےلیے کل بھارت کی اسپورٹس اور شوبز کی شخصیات بھی اسٹیڈیم میں موجود ہوں گی جن میں بھارتی میگا اسٹار امیتابھ بچن بھی میچ دیکھنے آئیں گے اور وہ میچ سے قبل بھارت کا قومی ترانہ بھی پڑھیں گے جب کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینر جی، سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور سنیل گواسکر سمیت دیگر شخصیات بھی اسٹیڈیم میں میچ دیکھیں گی۔ اس کے علاوہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سمیت دیگر عہدیدار بھی میچ دیکھنے کولکتہ جائیں گے۔

واضح رہے کہ کرکٹ کے ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم چھوٹا پڑ گیا ہے جہاں 65 ہزار تماشائیوں کی جگہ ہے لیکن میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹ لینے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے قرعہ اندازی کے ذریعے میچ کے ٹکٹ فروخت کیے جارہے ہیں۔
Load Next Story