بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت غربا میں 45 ارب روپے تقسیم

52لاکھ16ہزارخاندانوں کودیے گئے،رواں مالی سال102 ارب مختص کیے گئے تھے

52لاکھ16ہزارخاندانوں کودیے گئے،رواں مالی سال102 ارب مختص کیے گئے تھے: فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام نے رواں مالی سال اب تک 52 لاکھ سے زائد خاندانوں کو مالی امداد فراہم کر دی، سب سے زیادہ امداد مظفرگڑھ اور سب سے کم ٹانک کے قبائلی علاقے میں دی گئی۔

دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 102 ارب روپے مختص کیے گئے، اب تک 52لاکھ 16ہزارسے زائد خواتین سمیت غریب خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 45ارب سے زائد کی مالی معاونت کی گئی، اگلے مرحلے کی ادائیگیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں جو رواں ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائیں گی۔


واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 50لاکھ46 ہزار سے زائد افراد کو 88 ارب سے زائد کی امداد دی گئی تھی، رواں مالی سال مظفر گڑھ سب سے زیادہ امداد لینے والا ضلع رہا جہاں 2 لاکھ کے قریب غریب امداد لے رہے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے ٹانک میں صرف 1خاندان کو امداد مل رہی ہے۔

سب سے زیادہ مستفید ہونے والے اضلاع میں رحیم یار خان 1لاکھ 47 ہزار، ملتان 1 لاکھ 36 ہزار افراد، ٹھٹھہ کے 1لاکھ34 افراد، خیر پور 1لاکھ 24 ہزار، بدین کے 1لاکھ 18 ہزار،راجن پور 1لاکھ 18 ہزار، بے نظیر آباد1لاکھ افراد، بہاولپور 97 ہزار، قصور96 ہزار، پشاور 88ہزار، شکار پور86 ہزار افراد، سانگھڑ 86 ہزار، لاڑکانہ 80 ہزار، عمرکوٹ 67 ہزار، صوابی67 ہزار اور تھرپارکر کے 60 ہزار غریب خاندان امداد لے رہے ہیں۔
Load Next Story