ٹخنے کی موچ

موچ کی صورت میں ڈاکٹر کے پاس جانے کا انحصار اس کی شدت پر ہوتا ہے۔

پیر میں موچ توازن قائم نہ رکھنے سے آتی ہے۔ فوٹو : فائل

لاہور:
ٹخنے کی موچ دراصل عضو یا جوڑ کو سہارا دینے کے لیے ہڈیوں کو جوڑنے والی رگوں میں کھنچاؤ کا نتیجہ ہوتی ہے۔

یہ رگیں ٹخنے کے گرد موجود ہڈیوں کے ساتھ جڑی ہوتی ہیں۔ پیر میں موچ توازن قائم نہ رکھنے سے آتی ہے اور اکثر چلنے پھرنے کے دوران ہم اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔ عموماً غیر ہم وار جگہ پر تیزی سے چلنے اور کھیل کود کے دوران پیر کا مڑنا، ٹخنے میں موچ کا سبب بنتا ہے۔

ٹخنے کے گرد ہڈیوں کو جوڑنے والی رگوں کو رباط کہتے ہیں، جو لچک دار چھلوں کے مانند ہوتی ہیں۔ یہ جوڑوں کو ہلنے میں مدد دیتے ہیں۔
اس موچ کو ٹخنے کے زخم کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ اس میں رباط پر سوجن آجاتی ہے، لیکن شدید چوٹ کی صورت میں رباط پھٹ بھی سکتی ہیں اور اس کے نتیجے میں ٹخنا زیادہ سوج سکتا ہے۔


ٹخنے کی موچ کا شکار ہونے والے افراد کو چلنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ اس دوران درد کی شدت کم اور بعض صورتوں میں شدید بھی ہو سکتی ہے۔
موچ کی صورت میں درد محسوس کرنے کے ساتھ ٹخنے کے اطراف سوجن بڑھنے لگتی ہے اور خراشیں پڑ جاتی ہیں۔ ٹخنے کے اطراف کو چھونے سے اس کی ہڈی کے اردگرد کا حصہ ملائم محسوس ہوتا ہے۔ یہ عام علامات ہیں، جس کا مشاہدہ تھوڑی دیر اور بعض صورتوں میں چند گھنٹوں کے بعد ہوتا ہے۔

مختلف امراض اور جسمانی تکالیف کی صورت میں معالج سے رجوع کرنا نہایت ضروری ہے، لیکن موچ کی صورت میں ڈاکٹر کے پاس جانے کا انحصار اس کی شدت پر ہوتا ہے۔ عموماً لوگ موچ کی صورت میں معمولی تکلیف برداشت کر لیتے ہیں اور چلنے پھرنے میں احتیاط سے کام لیتے ہیں۔ ایسا اس وقت ہوتا ہے جب متأثرہ فرد کو اپنے ٹخنے پر خاص سوجن نہ دیکھے یا درد انتہائی کم محسوس کر رہا ہو۔

دوسری صورت میں متأثرہ فرد کو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ معالج اپنے پاس آنے والے کو درد اور سوجن ختم کرنے والی دواؤں کے ساتھ چند احتیاطی تدابیر بتاتا ہے، لیکن بعض مرتبہ ایکسرے کروانے کے لیے بھی کہا جاتا ہے۔ ایکسرے دیکھنے سے ڈاکٹر کو یہ معلوم ہوتا ہے کہ ٹخنہ کس حد تک متاثر ہوا ہے۔ اس کی مدد سے معالج زیادہ بہتر علاج کر سکتا ہے۔ بعض صورتوں میں مخصوص ورزش، مالش اور فزیوتھراپی کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔ گھر پر آرام کرنے اور بلاضرورت چلنے پھرنے سے گریز کرنے سے ٹخنے کی چوٹ سے جلد نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔
Load Next Story