پاکستان کے دورئہ ویسٹ انڈیزکو حتمی شکل دیدی گئی

پاکستان ویسٹ انڈیز سے تین ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے گا۔

اکتوبر میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز بھی کھیلنی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ ٹور کو حتمی شکل دے دی۔


ذرائع کے مطابق یہ ٹور انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی کے بعد جولائی اگست میں ہوگا جس میں پاکستان ویسٹ انڈیز سے تین ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے گا، آئی سی سی ایونٹ سے قبل گرین شرٹس آئرلینڈ سے بھی مختصر سیریز کھیلیں گے، پاکستان ٹیم سال کا آغاز جنوبی افریقہ کے مکمل ٹور سے کریگی۔ پی سی بی ذرائع نے کہا کہ کیریبیئن ٹور کے بعد اگست اور ستمبر میں بی سی سی آئی کو ٹیم ٹیسٹ ٹور کیلیے پاکستان بھیجنے پر راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی، اس بارے میں آئندہ ماہ تبادلہ خیال کیا جائے گا مگر ابھی کوئی ٹھوس بات نہیں کی جاسکتی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اکتوبر میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز بھی کھیلنی ہے، اگر پروٹیز پاکستان کی سیکیورٹی سے مطمئن نہیں ہوئے تو یہ سیریز بھی ہمیں نیوٹرل وینیو پر کھیلنا پڑے گی۔

سال کے اختتام پر ہم سری لنکا کی میزبانی کریں گے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل کے اگلے سیزن میں شرکت کے حوالے سے ذرائع نے کہا کہ اس بارے میں بھی ہمیں حتمی پوزیشن کا علم دسمبر میں ہی ہوگا مگر جیسا کہ حالات بہتر ہورہے اور ہماری ٹیم بھارت جارہی ہے، اس لیے اس بات کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی جنوری میں نیلامی میں شریک ہوںگے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ برس کسی بھی وقت بنگلہ دیش ٹیم بھی مختصر سیریز کیلیے پاکستان آسکتی جبکہ ہماری ٹیم بھی چند میچز کیلیے زمبابوے کا دورہ کرسکتی ہے، اگرچہ ہم گذشتہ دنوں بھارت سے سیریز کی وجہ سے زمبابوے سے سیریز ملتوی کرچکے مگر اگلے سال وہاں پر کچھ میچز کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
Load Next Story