اصلاحات کے ساتھ خواندگی کی شرح میں بھی اضافہ کیا پیر مظہر

پہلی سے پانچویں جماعت کی طالبات کوسالانہ ہزار روپے وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے

صوبے میں 73 کالج قائم کریں گے،صوبائی وزیر تعلیم کی ذرائع ابلاغ سے بات چیت. فوٹو: کیریٹیو کامنز

صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہرالحق نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے تعلیم کے شعبے میں بنیادی اصلاحات لانے کے ساتھ ساتھ خواندگی کی شرح میں بھی اضافہ کیا ہے۔


یہ بات انھوں نے آج اسلام آباد سے واپسی پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے دوران کہی ، انھوں نے کہا کہ وسیلہ تعلیم جیسا جامع پروگرام شروع کرایا جس کے تحت لاکھوں غریب اور معذور بچوںکو اسکالرشپ کے مواقع فراہم کرکے تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا ، وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے صدرمملکت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پہلے ہی شرح خواندگی میں اضافے کیلیے چھٹی کلاس سے لیکردسویں کلاس کی بچیوں کو سالانہ2500روپے وظیفہ فراہم کررہی ہے ، سندھ کی کچھ ایسی تحصیلیں جہاں شرح خواندگی کم تھی ۔

وہاںکی بچیوں کو سالانہ3500روپے وظیفہ دینے کے ساتھ ساتھ گندم اور کوکنگ آئل بھی فراہم کررہے ہیں جس سے طالبات کی شرح خواندگی میں10فیصد اصافہ ہوا ہے، پیر مظہر الحق نے کہا کہ اب پہلی سے پانچویں جماعت کی طالبات کو بھی سالانہ ایک ہزار روپے وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا گیاہے، یہ پروگرام بہت جلد شروع ہوجائیگا ، وزیرتعلیم نے کہا کہ سندھ میں اعلیٰ تعلیم کی کمی کو پورا کرنے کیلیے 23 ڈگری کالج قائم کیے جارہے ہیں جن کا تعمیراتی کام بہت تیزی سے جاری ہے جس کی نگرانی وہ خود کررہے ہیں جبکہ مزید ایسے 73 علاقے جوکالجوں سے محروم ہیں، وہاں ڈگری کالج قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جبکہ کالج کی سطح تک مفت درسی کتب کی فراہمی اور جدید سائنس لیبارٹریز کے قیام کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔
Load Next Story