آفریدی نے اپنی طاقت کا سرچشمہ عوام کو قرار دیدیا

جب بورڈ یاکسی اور سے مخالفت مول لی تب بھی شائقین ساتھ کھڑے رہے،کپتان

کبھی مصباح جیسا نہیں بن سکتا، بس اتنا چاہتا ہوں فیلڈ میں پوری ٹیم جان لڑا دے :فوٹو:فائل

پاکستانی ٹوئنٹی 20 کپتان شاہد خان آفریدی نے اپنی طاقت کا سرچشمہ عوام کو قرار دے دیا، انھوں نے کہاکہ شائقین نے ہر اچھے برے وقت میں مجھے سپورٹ کیا، جب میں نے بورڈ یا کسی اور کے ساتھ مخالفت مول لی تب بھی وہ میرے ساتھ کھڑے رہے، میں کبھی مصباح الحق جیسا نہیں بن سکتا، بس اتنا چاہتا ہوں کہ فیلڈ میں اتریں تو پوری ٹیم اپنی جان لڑا دے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں کیا۔

آفریدی نے کہاکہ مجھے میرے والد اور فیملی نے بہت سپورٹ کیا، انھوں نے کبھی مجھے گرنے نہیں دیا، ان کی دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں، میری اصل طاقت عوام ہیں، ہر مشکل وقت میں یا جب میں نے بورڈ یا کسی اور سے مخالفت مول لی عوام میرے ساتھ رہے، میں ہمیشہ اپنے پلیئرز اور سچائی کے ساتھ کھڑا رہا، چاہے میرے ہیڈ کوچ وقار یونس یا پھر سابق بورڈ چیئرمین اعجاز بٹ کے ساتھ مسائل ہوں عوام نے تمام مواقع پر میں میرا ساتھ دیا، میں یہ کبھی بھی نہیں بھول پاؤں گا۔


میں سمجھتا ہوں کہ اندر سے میں بہت مضبوط ہوں، اگرچہ کچھ لوگ میرے مخالف بھی ہیں لیکن میں ایسی پرفارمنس پیش کرچکا جن سے ناقدین کو خاموش کرایا جاسکتا ہے۔ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے ساتھ اپنے موازنے کے بارے میں شاہد آفریدی نے کہاکہ میں کبھی مصباح کے لیول پر نہیں پہنچ سکتا، وہ صرف کرکٹ کے بارے میں سوچتے ہیں، میں تھوڑا مختلف اور جارح مزاج ہوں، میں اپنے کھلاڑیوں سے صرف یہی کہتا ہوں کہ مجھے فیلڈ میں ان کی 100 فیصد پرفارمنس چاہیے تاکہ لوگ بھی یہ کہیں کہ پاکستان ٹیم نے میدان میں جان لڑا دی ہے، جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے لیکن جب آپ گراؤنڈ سے باہر آرہے ہوں تو ذہن میں یہ نہ ہو کہ آپ سے کچھ زیادہ بہتر کرسکتے تھے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر آپ 2006 میں ٹوئنٹی 20 کے دور میں ڈیبیو کرتے تو کہاں ہوتے، اس پر آفریدی نے کہا کہ میں عظیم پلیئرز کے ساتھ کھیلنے کے موقع سے محروم ہوجاتا جس کا موقع مجھے 1996 میں ڈیبیو کرکے ملا اور میں 20 برس کرکٹ بھی نہیں کھیل پاتا، آج کے دور میں کرکٹ بہت زیادہ ہوگئی اور اس میں 20 برس تک کھیل پانا ناممکن ہے۔
Load Next Story