رینجرز ہیڈ کوارٹرز حملہ بمبار کی فنگر پرنٹس رپورٹ کل ملنے کا امکان

رپورٹ ملنے کے بعد ہی خود کش حملہ آور کی شناخت اور دیگر اہم حقائق سامنے آسکیں گے.

رپورٹ ملنے کے بعد ہی خود کش حملہ آور کی شناخت اور دیگر اہم حقائق سامنے آسکیں گے. فوٹو: اے ایف پی/ فائل

رینجرز ہیڈ کوارٹرز پر خودکش حملے میں ملوث مبینہ خود کش بمبار کی فنگر پرنٹس رپورٹ پیر کو(کل) موصول ہونے کا امکان ہے۔


تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح نارتھ ناظم آباد بلاک B میں دہشت گردوں نے بارود سے بھراٹرک سچل رینجرز ہیڈ کوارٹرز کی رہائشی عمارت سے ٹکرا دیا تھا جس کے نتیجے میں 3 رینجرز اہلکار شہید اور 21 سے زائد اہلکار زخمی ہو گئے تھے جبکہ رینجرز ہیڈ کوارٹرز کی رہائشی عمارت کو بھی شدید نقصان ہوا تھا۔ جائے وقوعہ سے پولیس ، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، فارنسک ڈویژن اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے خودکش حملے میں استعمال ہونے والے شہزور ٹرک کے پارٹس، دھماکے میں استعمال کیاجانے والا بارود اور مبینہ خود کش بمبار کی ملنے والی انگلیوں اور دیگر انسانی اعضا سمیت اہم شواہد حاصل کر لیے تھے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ بمبار کی فنگر پرنٹس کا آٹو میٹڈ فنگر پرنٹس آئیڈینٹی فیکیشن سسٹم (AFIS) کے تحت معائنہ کیا جا رہا ہے۔ حادثے والے دن ہی مبینہ خود کش بمبار کے فنگر پرنٹس اسلام آباد بھجوا دیئے گئے تھے اور آئندہ 48گھنٹوں میں ان فنگر پرنٹس سے متعلق رپورٹ کراچی پہنچنا تھی تاہم جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہونے کی وجہ سے یہ رپورٹ کراچی نہ پہنچ سکی۔ ذرائع نے بتایاکہ مبینہ بمبار کی فنگر پرنٹس رپورٹ پیر کوموصول ہونے کاا مکان ہے جس کے بعد ہی خود کش حملہ آور کی شناخت اور دیگر اہم حقائق سامنے آسکیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ ان فنگر پرنٹس کو نادرا کے ریکارڈ سے بھی چیک کیا جا رہا ہے تاہم اب تک کوئی خاص پیش رفت نہیں ہو سکی ہے ۔
Load Next Story