مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کیخلاف مظاہرے جاری کرنل سمیت2ہلاک

بھارت جموں کو کشمیر سے الگ کرنا چاہتا ہے،گجرات اور آسام جیسے مسلم کش فسادات بھڑکانے کی سازش ہورہی ہے، علی گیلانی.

بھارت جموں کو کشمیر سے الگ کرنا چاہتا ہے،گجرات اور آسام جیسے مسلم کش فسادات بھڑکانے کی سازش ہورہی ہے، علی گیلانی. فوٹو: اے ایف پی/ فائل

مقبوضہ کشمیر میں ہندواڑہ کے علاقے نوگام لنگیٹ میں لوگوں نے بڑے پیمانے پر بھارتی فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔


کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوگام اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگ نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئرعبدالرشید کی قیادت میں فوجی کیمپ کے باہر جمع ہوئے اور زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی انہیں سیکیورٹی چیکنگ کے بہانے تنگ کرتے ہیں۔ اے پی پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ایک بھارتی پولیس اہلکار گرجیت سنگھ پولیس کنٹرول روم پریڈ میں پراسرار طور پر گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ ادھر ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ میں آگ لگنے سے کرنل ہلاک ہوگیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اوربزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت جموں صوبے کو کشمیر سے الگ کرناچاہتی ہے، ریاست میں گجرات اور آسام جیسے مسلم کش فسادات بھڑکانے کی سازش کے تانے بانے بنے جارہے ہیں۔

تاکہ مسلمانوں کا یا تو قتل عام کیا جائے یا انہیں بڑے پیمانے پر یہاں سے ہجرت کرنے پر مجبور کیا جائے۔ وہ حیدرپورہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم کو بھاتی قابض انتظامیہ نے سیمینار منعقد کرنے سے روک دیا۔ ادھر میرواعظ عمر فاروق نے مسئلہ کشمیرپردو طرفہ مذاکراتی عمل کو مسترد کرتے ہو ئے پاکستان اوربھارت کی قیادت پر زور دیاہے کہ وہ جامع مذاکرات میں کشمیری قیادت کو شامل کرکے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ مظلوم کشمیری عوام پر سات لاکھ افواج کو مسلط کرکے امن کی توقع رکھنا فضول ہے۔
Load Next Story