باکسنگ ولادیمیر ہیوی ویٹ اعزاز کے دفاع میں سرخرو

کیریئر میں پہلی مرتبہ ولادیمیر کو اپنے سے طویل قامت حریف کا سامنا کرنا پڑا۔

ہیمبرگ:چیلنجرماریوسز واچ کو شکست دینے کے بعد چیمپئن ولادیمیر کلشکوف کا بیلٹ تھامے پوز۔ فوٹو: اے ایف پی

PESHAWAR:
ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن ولادیمیر کلشکوف نے پولش چیلنجرماریوسز واچ کو پچھاڑ کر اعزازات کا دفاع کرلیا۔


یوکرینی باکسر ولادیمیر سردست آئی بی ایف، ڈبلیو بی اے اور ڈبلیو بی او کے ہیوی ویٹ چیمپئن ہیں، پولش باکسر کیخلاف ہفتے کی شب انھیں ٹائٹل بائوٹ میں 120-107، 120-107، 119-109 سے کامیاب قرار دیاگیا، یہ ان کی 22ویں ورلڈ ٹائٹل بائوٹ فتح بنی،اس کی بدولت ان کا ریکارڈ 61 مقابلوں میں 58 فتوحات سے مزید بہتر ہوگیا،50 مرتبہ انھوں نے حریفوں کو ناک آئوٹ کیا تھا، مقابلے کو دیکھنے والوں میں ہالی ووڈ کے ایکشن ہیرو سلویسٹر اسٹالون بھی شامل تھے جنھوں نے رنگ میں آکر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، پولش باکسر ماریوسز واچ ' دی وکنگ' کی عرفیت رکھتے ہیں، کیریئر میں پہلی مرتبہ ولادیمیر کو اپنے سے طویل قامت حریف کا سامنا کرنا پڑا، ماریوسز واچ ان سے چار سینٹی میٹر لمبے ہیں،کوچ ایمانویل اسٹیوارڈ کے انتقال کے بعد ولادیمیر کی یہ پہلی فائٹ تھی، وہ اکتوبر کے اختتام پر کینسر کی سرجری کے بعد چل بسے تھے۔

کلشکوف نے مقابلے کے آغاز سے ہی حریف پر دھاوا بول دیاااور سیدھے ہاتھ کے زور دار مکے رسید کرتے ہوئے انھیں دبائو کا شکار رکھا، ساتویں رائونڈ میں بھی انھوں نے واچ پر کئی کامیاب حملے کیے، مقابلے 12 رائونڈ تک جاری رہا، شکست خوردہ واچ نے کہا کہ یہ میری زندگی کے سخت ترین مقابلوں میں سے ایک تھا، میں ناکامی پر اپنے بہی خواہوں سے معذرت کرتا ہوں۔دوسری جانب لاس اینجلس میں میکسیکو کے ناقابل شکست باکسر ایبنرماریز ڈبلیو بی سی سپر بنٹم ویٹ ٹائٹل کے دفاع میں سرخرو رہے، انھوں نے بھی چیلنجر پناما کے اینسیلمو مورینو کو شکست دی، دو ججز نے انھیں یکساں طور پر 116-110، 116-110 کا اسکور دیا جبکہ تیسرے رائونڈکا نتیجہ 120-106 رہا۔ ڈبلیو بی او لائٹ ہیوی ویٹ ٹائٹل بائوٹ میں دفاعی چیمپئن ویلش کے ناتھن کلیورلی نے شوان ہاک کو مات دے دی۔
Load Next Story