’’ را ‘‘ افسر کی گرفتاری کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

بھارت سے مثبت جواب نہ ملنے،مداخلت ترک نہ کرنے پرمذاکراتی پالیسی موخرہونے کاامکان

راکا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام کرنا ہے، ذرائع وفاقی حکومت۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
وفاقی حکومت نے طے کیا ہے کہ بھارت نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی '' را '' کے افسرکی گرفتاری کے معاملے پراحتجاج کا مثبت سفارتی جواب نہیں دیا اور پاکستان میں مداخلت کا معاملہ ترک نہیں کیا تو پھر بھارت کے ساتھ مذاکراتی پالیسی کو موخرکردیاجائے گا۔

وفاق کی جانب سے اس پالیسی کا اعلان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مشاورت اوروزیراعظم کی منظوری سے کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی '' را '' کے افسر کی گرفتاری کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم کی منظوری کے بعد اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیرڈاکٹر ملیحہ لودھی بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے حوالے سے گرفتار '' را'' کے افسر سے کی جانے والی تحقیقاتی رپورٹ اور شواہد یو این کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کوخط کی صورت میں پیش کریں گی۔


وفاقی حکومت کے اعلیٰ ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار بھارتی افسر نے دوران تحقیقات یہ پہلو سامنے آیا ہے کہ را بلوچستان اور کراچی میں مضبوط ایجنڈے کے تحت کام کر رہی ہے اور راکا مقصد یہاں بدامنی اور انتشار پھیلانا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گرفتار بھارتی افسر نے اس بات کی بھی نشاندہی کی ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی '' را '' کا مقصد بلوچستان اورکراچی میں دہشت گردی کراکے پاکستان کی معیشت کوناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتا ہے اورراکا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام کرنا ہے۔ اسی لیے بلوچستان اورکراچی میں علاقائی سہولت کاروں کے ذریعہ بدامنی اور دہشت گردی کرائی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ سیکیورٹی اداروں نے گرفتار بھارتی افسر سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اورجلد اس سازش کے پس پردہ اہم عناصر بے نقاب ہوں گے۔ وفاقی حکومت نے گرفتار بھارتی افسر کی تحقیقات پر بھارت کے ساتھ آئندہ سخت سفارتی موقف اپنانے کا فیصلہ کیاہے۔ فی الحال بھارت سے مذاکراتی پالیسی کوموخر نہیں کیا گیا ہے۔ اس کا فیصلہ اعلیٰ سطح پر مشاورت کے بعد حکومت کرے گی پاکستانی وزیر خارجہ بھی وزیراعظم کی منظوری کے بعد بھارتی حکومت کے سامنے یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بھارت کی جانب سے پاکستان میں براہ راست مداخلت کا معاملہ جلد اقوام متحدہ لے کر جائے گی۔اس حوالے سے مشاورت جاری ہے اور وزیراعظم کی منظوری سے پالیسی طے کی جائے گی۔
Load Next Story