ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جنوبی افریقا نے سری لنکا کو شکست دیدی

جنوبی افریقا کے ارون پھینگسو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جنوبی افریقا کے ارون پھینگسو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فوٹو: گیٹی امیج

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ مرحلے کے آخری میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔


نئی دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ 10 مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا کے 121 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے18ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ڈی کوک بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 9 رنز پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد آملہ نے کپتان فاف ڈپلسی سے ملکر 60 رنز کی شراکت داری قائم کی، ڈپلسی 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ آملہ نے اے بی ڈویلیئرز سے ملکر 47 رنز کی شراکت قائم کی، اے بی 20 اور ہاشم آملہ 56 رنز پر ناقابل شکست رہے۔


سری لنکا کی جانب سے لکمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقی کپتان فاف ڈپلسی نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کپتان دنیش چندیمل اور دلکاراتنے دلشان نے ٹیم کو 45 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، چندیمل 21رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ تھریمانے پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد دلشان نے سری واردانے کے ہمراہ ملکر تیسری وکٹ کیلیے 30 رنز کی شراکت داری قائم کی، دلشان 36 اور سری واردانے 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رک سکا۔ شہیان جے سوریا 1، کپوگیدرا 4 ، تھیسارا پریرا 8، ہیراتھ 2، جیفری وینڈیرسے 3 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شاناکا 20 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کیل ایبٹ، ارون پھینگسو، فرحان بہارالدین نے 2،2 جب کہ عمران طاہر اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 
Load Next Story