بنوں میں جھڑپ بیت اللہ محسود کا بھانجا ساتھی سمیت مارا گیا

ایک اہلکار بھی جاں بحق، آبشار چوک پر موٹرسائیکل رکشہ کو رکنے کا اشارہ دیا تو عسکریت پسندوں نے فائرنگ کردی

4کلاشنکوف، 4دستی بم، 12 میگزین، 2 وائرلیس سیٹ،2 موبائل سیٹ، ایک پستول برآمد، زخمی عسکریت پسند نامعلوم مقام منتقل فوٹو : فائل

بنوں میں پولیس کے ساتھ جھڑپ میں تحریک طالبان پاکستان کے سابق امیر بیت اللہ محسود کے مبینہ بھانجے سمیت دو عسکریت پسند اور ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا۔


پولیس کے مطابق بنوں سٹی سے 5 کلومیٹر دور کوہاٹ روڈ پر دووا پل کے قریب آبشار چوک پر پولیس نے معمول کے مطابق ناکہ لگا رکھا تھا اور گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ جاری تھا کہ ایک موٹرسائیکل رکشہ میں سوار 3 افراد نے پولیس کی جانب سے رکنے کے اشارے پر رکنے کے بجائے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا جوان عارف اللہ موقع پر جاں بحق ہوگیا، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ ایک فرار ہوگیا جس کو بعد میں سرچ آپریشن کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں میں ایک کی شناخت ابراہیم کے نام سے کی گئی ہے جو پولیس ذرائع کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کے سابق امیر بیت اللہ محسود کا بھانجا ہے۔

پولیس ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ عسکریت پسندوں سے چار کلاشن کوف، 4 ہینڈ گرینیڈ، 12 میگزین، 2 وائرلیس سیٹ، 2 موبائل سیٹ ایک پستول اور ایک موٹرسائکل رکشہ برآمد کیا جسے عسکریت پسند خود چلارہے تھے۔زخمی حالت میں گرفتار ایک عسکریت پسند کو پوچھ کچھ کیلئے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا ہے۔دریں اثنا بنوں پرائمری اسکول (بوائز) نمبر 7کو بم سے اڑانے کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے نصب بم کو دھماکہ کے ساتھ ناکارہ بنایا تھا۔ تھانہ سٹی کی حدود میں واقع محلہ منشیان مصروف تجارتی مرکز گردانلی گلی کے قریب گزشتہ شب نامعلوم شرپسندوں نے اسکول کیساتھ ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا تھا جس کے ساتھ تاریں لگی ہوئی تھیں۔
Load Next Story