قومی ہاکی ٹیم کے منیجر حنیف خان کی چھٹی

پی ایچ ایف نے کرنل محسن کوسلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے لیے ذمہ داری سونپ دی۔

پی ایچ ایف نے کرنل محسن کوسلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے لیے ذمہ داری سونپ دی۔ فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم کے منیجر حنیف خان کی چھٹی ہوگئی اور پی ایچ ایف نے کرنل محسن کوسلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے لیے ذمہ داری سونپ دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ کو آئندہ ماہ ملائیشیا میں شیڈول سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کی صورت میں بڑے چیلنج کا سامنا ہے، ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی فیڈریشن اس وقت مشکلات سے دو چار ہو گئی جب ٹیم منیجر حنیف خان کیمپ ادھورا چھوڑ کرکراچی روانہ ہوگئے جبکہ راشد محمود اور رضوان سینئر نے بغیرٹرائلزمنتخب ہونے کے باوجود ٹیم کو جوائن نہیں کیا، ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حنیف خان کی جگہ کرنل محسن کو قومی ٹیم کا نیا منیجرمقررکیا ہے۔

ان کے ملائیشین ویزے کیلیے درخواست بھی دے دی گئی ہے، آئندہ دو، تین روز تک ان کا ویزہ آنے کا قوی امکان ہے اور وہ قومی ٹیم کے ساتھ ہی3 اپریل کو کراچی سے کوالالمپور جائیںگے۔ یاد رہے کہ حنیف خان قومی ٹیم کا کیمپ ادھورا چھوڑ کر کراچی چلے گئے تھے، سابق کپتان کواعتراض تھاکہ کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پرنہیںہوگا جبکہ فیڈریشن ذرائع کا کہنا تھا کہ حنیف خان اپنے بھتیجوں کوٹیم میں شامل کرانا چاہتے تھے، سلیکٹرز کے اعتراض پرایونٹ کے لیے لگایا گیا کیمپ چھوڑدیا۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہالینڈ میں لیگ کھیلنے والے 2 سینئر کھلاڑیوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیتے ہوئے ان پرٹیم کے دروازے بند کردیے۔

ان کھلاڑیوں کی جگہ اب عبدالکریم خان اور کاشف جاوید کو ٹیم کے ہمراہ ملائیشیا روانہ کیا جائے گا۔ فیڈریشن کے ذمے دارذرائع کے مطابق راشد محمود اور رضوان سینئر نے تاحال فیڈریشن سے رابطہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ان کی جگہ 2 نئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہارکا موقع فراہم کیا جائیگا، سلیکشن کمیٹی ذرائع کے مطابق سلطان اذلان شاہ کپ کے لیے مجموعی طور پر 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا تھا، راشدمحمود اور رضوان کی طرف سے رپورٹ نہ کرنے کے بعد اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب20 کی بجائے 18 رکنی قومی دستہ ہی ملائیشیا جائے گا۔


محمد عرفان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دوسرے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، سید کاشف شاہ، محمد علیم بلال، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، فرید احمد، تصورعباس، عماد شکیل بٹ، محمد عمر بھٹہ، محمد عرفان جونیئر، ارسلان قادر، علی شان، اعجاز احمد، رضوان علی، کاشف جاوید اور عبدالکریم خان شامل ہیں، یاد رہے کہ سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 6 سے 16اپریل تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا، ایونٹ میں آسٹریلیا، کینیڈا، بھارت، جاپان، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

گرین شرٹس 2 ایڈیشن کے بعد ایونٹ میں شریک ہورہے ہیں، ادھر سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 12 اپریل کو ایک دوسرے کیخلاف میدان سنبھالیں گی، ابتدائی روز3 میچز کا فیصلہ ہو گا، افتتاحی میچ میں جاپان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیں گی، دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم کینیڈا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

تیسرا میچ نیوزی لینڈ اور ملائیشیا کے درمیان ہوگا، اگلے روز آسٹریلیا کا میچ بھارت کے ساتھ ہوگا، نیوزی لینڈ کی ٹیم کینیڈا کیخلاف نبرد آزما ہوگی جبکہ جاپان کا مقابلہ ملائیشیا کے ساتھ شیڈول ہے۔9 اپریل کوپاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا، جاپان کا کینیڈا اورآسٹریلیا کا میچ ملائیشیا کے ساتھ ہوگا۔10 مارچ کوپاکستان کی ٹیم آسٹریلیا سے کھیلے گی، جاپان کا ٹاکرا نیوزی لینڈ اورکینیڈا کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔

12 اپریل کو پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی، اسی روز آسٹریلیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ اور کینڈا کا میچ ملائیشیا کے ساتھ ہوگا۔13 اپریل کو پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا، نیوزی لینڈ کا بھارت اورآسٹریلیا کا میچ جاپان کیساتھ ہوگا۔15اپریل کو پاکستانی ٹیم جاپان کیخلاف میدان میں اتریگی، آسٹریلیاکا سامنا کینیڈا جبکہ ملائیشیا کا مقابلہ بھارت سے طے ہے، 16 اپریل کوبھی3 میچز رکھے گئے ہیں، پاکستانی ٹیم کا مقابلہ جاپان کے ساتھ ہوگا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم کینیڈا اور ملائیشیا کی ٹیم بھارت کے خلاف میدان سنبھالے گی۔
Load Next Story