ایٹمی مواد کے تحفظ میں پاکستان نے مؤثر نظام وضع کیا ہے طارق فاطمی

جوہری مواد کو کسی صورت غلط ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے، معاون خصوصی برائے خارجہ امور

جوہری مواد کو کسی صورت غلط ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے، معاون خصوصی برائے خارجہ امور ، فوٹو؛ فائل

KARACHI:
وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس جوہری مواد کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے نیو کلیئر ایمرجنسی مینجمنٹ نظام سمیت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر میکنزم موجود ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں امریکی صدر اوباما کی طرف سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ نیو کلیئر اینڈ ریڈیولوجیکل ایمرجنسی سپورٹ سینٹر اور نیو کلیئر اینڈ ریڈیویوجیکل ایمرجنسی کوآرڈنیشن سینٹر 24 گھنٹے کام کررہے ہیں اور پاکستان کے پاس جوہری مواد کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے نیو کلیئر ایمرجنسی مینجمنٹ نظام سمیت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موثر میکنزم موجود ہے۔


طارق فاطمی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ جوہری مواد کو کسی صورت غلط ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے اور پاکستان اس میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیائی ذرائع نجی شعبے، ہسپتالوں، صنعتوں اور تحقیق کے شعبوں میں ہر جگہ استعمال کیے جارہے ہیں۔

اس سے قبل واشنگٹن میں جوہری سلامتی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ترکی اور چین کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں جس میں دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اوربین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے لاہور خود کش دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دوستی اور تاریخ کے خصوصی رشتوں سے جڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف 13 ویں او آئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے ترکی کا دورہ کریں گے۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی لعنت کے خلاف عالمی جنگ میں سب سے آگے ہے اور پوری دنیا اس جدوجہد میں پاکستانی سیکورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مستحکم بنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی پیک منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے چینی وزیر خارجہ کو سی پیک سے منصوبوں پر عملدرآمد کرنے سے متعلق پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی پاکستان اور چین کے لیے مشترکہ خطرہ ہے۔
Load Next Story