کیریبیئن خواتین تاریخ کا دھارا بدلنے کیلیے پُراعتماد

آسٹریلیا بھی مسلسل چوتھا ٹائٹل جیتنے کیلیے تیار،ورلڈ ٹی20فائنل میں آج مقابلہ

آسٹریلیا بھی مسلسل چوتھا ٹائٹل جیتنے کیلیے تیار،ورلڈ ٹی20فائنل میں آج مقابلہ۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی20کا فائنل اتوار کو ہوگا، کیریبیئن خواتین تاریخ کا دھارا بدلنے کیلیے پُراعتماد ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایڈن گارڈنز کولکتہ میں مینز فائنل سے قبل ویمنز ورلڈ ٹرافی کا فیصلہ ہوگا، جس میں گذشتہ تین ایونٹس کی فاتح آسٹریلوی ٹیم پہلی بار فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنانے والی ویسٹ انڈین ٹیم کا سامنا کرے گی۔


ریکارڈ بک پر آسٹریلوی ٹیم کا پلڑہ بھاری ہے، اس نے 2010، 2012 اور 2014 کے ایڈیشنز میں ٹرافیز اپنے نام کیں،انہی ٹورنامنٹس میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم تینوں بار سیمی فائنلز سے آگے نہیں بڑھ پائی۔ باہمی ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو دونوں ٹیموں میں کوئی مقابلہ دکھائی نہیں دیتا، ٹوئنٹی 20 میں گذشتہ 8 باہمی مقابلوں میں ہر بار جیت آسٹریلیا کا ہی مقدر بنی۔

رواں ایونٹ سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچ میں بھی آسٹریلیا نے 43 رنز سے فتح حاصل کی تھی، ان تمام باتوں کے باوجود ویسٹ انڈیز کے حوصلے کافی بلند ہیں، گروپ راؤنڈ میں اس نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست دی، بنگلہ دیش پر 49 رنز کی فتح پائی، انگلینڈ سے سنسنی میچ میں ایک وکٹ سے ناکامی کا منہ دیکھا، پھر بھارت کو تین رنز سے زیر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی مگر وہاں پر اس نے گروپ اسٹیج پر ناقابل شکست رہنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کو 6 رنز سے مات دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے کہاکہ ہم کافی پُرجوش ہیں، ہمارے پاس کھونے کو کچھ نہیں اس کے باوجود تھوڑے نروس ہوں گے لیکن خود پر قابو رکھتے ہوئے پہلی بار ٹرافی اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب آسٹریلوں خواتین کو گروپ اسٹیج پر نیوزی لینڈ سے شکست ہوئی تاہم ٹیم سیمی فائنل میں انگلینڈ کو زیر کرکے اب فیصلہ کن میچ کھیل رہی ہے۔کپتان میگ لیننگ نے کہاکہ کامیابی کیلیے ہماری بھوک کافی شدید اور ہم چوتھی ٹرافی اپنے شوکیس کی زینت بنانے کیلیے تیار ہیں۔
Load Next Story