نوازشریف کی خاموشی اور واضح پالیسی نہ ہونے سے دہشتگرد مضبوط ہورہے ہیں بلاول بھٹو

میاں صاحب کی خاموشی اور دہشتگردی کیخلاف واضح پالیسی نہ ہونے سے دہشتگرد مضبوط ہورہے ہیں، چیرمین پیپلزپارٹی

میاں صاحب میں میں اہلیت ہی نہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کرواسکیں، چیرمین پیپلزپارٹی، بلاول بھٹو۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب کی خاموشی اور دہشت گردی کے خلاف واضح پالیسی نہ ہونے سے دہشت گرد مضبوط ہورہے ہیں اور آپ میں اہلیت ہی نہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کرواسکیں۔



پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کی 37 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو کا قتل جمہوریت کا قتل تھا اور اس قتل کی سزا ہم آج بھگت رہے ہیں، ذوالفقار بھٹو کو صرف اس لیے قتل کیا گیا کہ انہوں نے غریب کی زبان کو طاقت دی، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور پاکستان کو 1973 کا آئین دیا اور 4 اپریل کو ہر سال لوگوں کی بڑی تعداد گڑھی خدابخش میں شہیدوں کو سلام کرنے پہنچتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوئی واضح پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے میاں صاحب کی گڈ گورننس کا پول کھل گیا ہے جب کہ عوام پوچھیں تو کس سے پوچھیں کہ ان کا دیا ہوا ٹیکس کہاں گیا۔




بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ غریب روٹی مانگتا ہے آپ اس کو جنگلا بس دکھا دیتے ہیں، ہرآنے والا بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہے، آپ نے کشکول کو کیسا توڑا ہے، آپ ہر روز عوام کے نام پر 5 ارب روپے کا قرض لے رہے ہیں جب کہ پیپلز پارٹی ہر اس بجٹ کو مسترد کرتی ہے جوغریب کا نوالہ چھین کرامیر کا خزانہ بھردے۔



چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہید بے نظیر کے قتل کا ملزم ملک سے کیسے بھاگ گیا، آج عدالت بھی سوال کرنے پرمجبورہے اس غدارکی واپسی کی ضمانت کون دے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی خاموشی دہشت گردی کے خلاف واضح پالیسی نہ ہونا دہشت گردوں کومضبوط کررہی ہے جب کہ وزیرداخلہ اپوزیشن کے خلاف بات کرنے کے لیے 3 گھنٹے پریس کانفرنس کرتے ہیں مگر جب لاہور جل رہا ہوتا ہے تو وزیرداخلہ مسنگ پرسن بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کا سانحہ ہوا تو ان کو نیشنل ایکشن پلان یاد آگیا لیکن ایک چیز تو واضح ہوگئی کہ آپ میں اہلیت ہی نہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کرسکیں، نیشنل ایکشن پلان پرعمل ہورہا ہوتا تو لوگ پارلیمنٹ کے باہرنفرت انگیزتقریرنہ کررہے ہوتے، ملک کے نوجوان ڈگری ہاتھوں میں لے کر اپنا مستقبل تلاش کررہے ہیں جب کہ انتہا پسندی بھی دہشت گردی کو جنم دیتی ہے۔

Load Next Story