جونئیر ہاکی آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف گولز کی بارش کردی

خسارے میں جانے کے بعد 5 بار گیند گرین شرٹس کے گول پوسٹ میں پہنچائی۔

بھارت نے5 بار کے ورلڈ چیمپئن جرمنی کو3-1 سے مات دے دی۔ فوٹو : فائل

سلطان آف جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف گولز کی بارش کرتے ہوئے یکطرفہ مقابلے میں5-1 سے شکست دے دی.


بھارت نے 5 بار کے ورلڈ چیمپئن جرمنی کو 3-1 سے مات دی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کے شہر جوہر بارو کے تمن دایا اسٹیڈیم میں گرین شرٹس نے11ویں منٹ میں محمد دلبر کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی جو زیادہ دیر قائم نہ رہی، 28 ویں منٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے بلیک گاورز نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا، اس موقع پر بارش شروع ہوگئی اور میچ کو روک دیا گیا، ڈیڑھ گھنٹے بعد مقابلہ دوبارہ شروع ہوا تو آسٹریلوی کھلاڑیوں نے انتہائی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 32 ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 2-1 کر دیا، دوسرے ہاف میں بھی کینگروز چھائے رہے اور مزید 3 گول کر کے فتح یقینی بنا لی۔ جسٹن ڈگلس نے 52 ،ولیم گلیان نے 58 اور ووتھرسپون نے 68 ویں منٹ میں گول کیا،پاکستانی ٹیم دوسرے ہاف میں کوئی گول نہ کر سکی.

پہلے میچ میں آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گرین شرٹس اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ3-3 سے برابر رہا تھا۔دوسری طرف بھارتی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے،پہلے میچ میں آسٹریلیا کو ہرانے کے بعد بلو شرٹس نے گذشتہ روز جرمنی کو بھی3-1 سے زیر کر لیا، بھارت نے کھیل کے آٹھویں منٹ میں اس وقت برتری حاصل کی جب مندیپ سنگھ نے حریف سائیڈ کی دفاعی لائن کو ناکام بناتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھا دی ،کچھ دیر بعد مندیپ نے ایک اور گول کر کے ٹیم کی برتری2-0 کر دی، جرمنی کو پہلے ہاف میں تین پنالٹی کارنر ملے لیکن ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا، دوسرے ہاف میں ایلگزینڈر سکولکوف نے گول کر کے اسکور 2-1 کیا، بھارت کا تیسرا گول آکاش دیپ سنگھ نے بنایا۔ منگل کو آرام کا دن ہوگا،پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ بدھ کو روایتی حریف بھارت سے کھیلے گی، اسی روز دوسرے میچ میں جرمنی اور نیوزی لینڈآمنے سامنے ہوں گے، تیسرا مقابلہ میزبان ملائیشیا اور آسٹریلیا کے درمیان ہونا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story