نیب نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے خلاف تحقیقات کی منظوری دیدی

وزارت خارجہ، سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، سندھ پولیس اور آرکائیوز افسران سمیت دیگر کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

وزارت خارجہ، سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، سندھ پولیس اور آرکائیوز افسران سمیت دیگر کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ فوٹو؛ فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کی منظوری دیتے ہوئے کارروائی کے عمل کو آگے بڑھانے کےلیے آئندہ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے خلاف کرپشن کے الزامات سمیت 5 انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز کےمطابق ایگزیکٹو بورڈ نے وزارت خارجہ، سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، سندھ پولیس اور آرکائیوز افسران سمیت دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی ہے۔


ذرائع کے مطابق سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن اور سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ہے جس میں شرجیل میمن سمیت انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران پر 2 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ بعض اشتہاری کمپنیوں کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اے جی ڈیپارٹمنٹ سندھ اور سی ڈی اے حکام کے خلاف زمین کی الاٹمنٹ کی انکوائری کی منظوری دی گئی جب کہ سندھ پولیس میں غیرقانونی بھرتیوں سمیت 2 تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق سیکریٹری صحت سہیل الطاف ودیگر کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ٹوکیو میں سفارتخانے کی فروخت میں کرپشن کی بھی تحقیقات ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے اس کارروائی کو آگے بڑھانے کے لیے آئندہ ان تمام افراد کو طلب بھی کیا جائے گا۔

Load Next Story