رپورٹ لیک ہونے پر شہریار خان کی وقار یونس سے معافی

وقار یونس کو رپورٹ لیک ہونے کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے، شہریارخان

وقار یونس نے ٹیم کی کارکردگی کی رپورٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمع کرائی تھی لیکن وہ میڈیا پر لیک ہو گئی تھی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ کی جانب سے گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے جمع کرائی گئی رپورٹ لیک ہونے پر سابق ٹیسٹ کرکٹر سے معافی مانگ لی ہے۔

ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق چیرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ انھوں نے پیر کے روز وقار یونس سے ٹیلی فون پر بات کی اور قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے جمع کرائی گئی ان کی رپورٹ میڈیا پر لیک ہونے پر ان سے معافی مانگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وقار یونس سے جس نتیجے کی توقع تھی وہ اس کو پورا نہیں کر سکے لیکن وہ ہمیشہ سے ہمارے لئے بڑے کرکٹر رہے ہیں اور ان کا ایک مقام ہے، یہ بہت ہی افسوس کی بات ہے کہ وقار یونس نے پی سی بی میں جو رپورٹ جمع کرائی وہ منظر عام پر آ گئی۔


شہریار خان کا کہنا تھا کہ وقار یونس نے جب مجھے بتایا کہ میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے تو میں نے انھیں یقین دہانی کرائی کہ پی سی بی رپورٹ لیک ہونے کی تحقیقات کرائے گا کہ آیا یہ رپورٹ لیک کیسے ہوئی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے وقار یونس نے پی سی بی کو ایک رپورٹ جمع کرائی تھی تاہم وہ رپورٹ میڈیا پر آ گئی تھی جس پر قومی ٹیم کے کوچ نے بورڈ کے حکام سے شدید ناراضگی کا اظہار بھی کیا تھا۔ ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر وقار یونس نے 2 روز قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
Load Next Story