چین کراچی میں بڑی الیکٹرونکس نمائش منعقدکرے گا

پاکستان اور چین کے درمیان باہمی کاروبار و تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں

پاکستان اور چین کے درمیان باہمی کاروبار و تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں فوٹو: فائل

چین نے کراچی میں الیکٹرونکس مصنوعات کی بڑی نمائش کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جو اپریل2017 میں ہوگی۔ چائنا الیکٹرک امپورٹ و ایکسپورٹ کارپوریشن ( سی ای آئی ای سی) کے ذیلی ادارے ''سی ای سی ایکسپو'' کے صدر شاؤشالن نے گزشتہ روز وفد کے ساتھ کراچی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور کہاکہ اس نمائش میں الیکٹرونکس اشیا، چائنا الیکٹرونکس کارپوریشن کے سیکیورٹی سسٹم اورگھریلو آلات متعارف کرائے جائیں گے، نمائش کونتیجہ خیزبنانے کے لیے چین کے200نمائش کنندگان کوشریک کرنے کی حکمت عملی بنائی گئی ہے۔


انھوں نے سی ای سی ایکسپو کے تحت نمائش کو موثر انداز میں فروغ دینے کیلیے کراچی چیمبر کا تعاون طلب کیا اور کہاکہ یہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کے درمیان کاروباری ملاقاتوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی، اس موقع پر سیمینار کاانعقاد بھی کیا جائے گا، کاروباری ملاقاتوں کا مقصد الیکٹرونکس کے شعبے میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ صدر چیمبر یونس محمد بشیر نے سی ای سی ایکسپو کے صدر کو نمائش کامیاب بنانے کیلیے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہاکہ نمائش کی تفصیلات سے کراچی چیمبر کے تمام ممبران کو آگاہ کیاجائے گا جبکہ الیکٹرونکس سیکٹر کے چیمبر ممبران کی نمائش میں شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ کراچی چین کو سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرسکتا ہے جہاں معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص الیکٹرونکس کے شعبے میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز سے خاطر خواہ فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ یونس محمد بشیر نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی کاروبار و تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اور گوادر بندرگاہ کی تکمیل کے بعد پاکستان خطے میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے پرکشش ملک کے طور پر ابھرے گا جو جنوبی ایشیا اور وسط ایشیائی ریاستوں کے لیے گیٹ وے ثابت ہو گا۔ انہوں نے چینی وفد کو سالانہ''مائی کراچی'' نمائش میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ چینی الیکٹرونکس آلات کے لیے یہ نمائش شاندار پلیٹ فارم ثابت ہو سکتی ہے۔
Load Next Story