پولیس کی ناکامی کے بعد چھوٹو گینگ کیخلاف کارروائی کی ذمہ داری پاک فوج نے سنبھال لی

چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی کے لئے آپریشن میں فوج کو ایس ایس جی کمانڈوز کی مدد بھی حاصل ہے۔

چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی کے لئے آپریشن میں فوج کو ایس ایس جی کمانڈوز کی مدد بھی حاصل ہے۔۔ فوٹو: فائل

پولیس کی ناکامی کے بعد چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی کے لئے پاک فوج کے دستے کچے کے علاقے میں پہنچ گئے جب کہ فوجی جوانوں کو ایس ایس جی کمانڈوز کی مدد بھی حاصل ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راجن پور میں چھوٹو گینگ کے خلاف گزشتہ 17 روز سے جاری پولیس کی کارروائی میں ناکامی کے بعد کچہ جمال کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے اور پولیس کے 18 یرغمالی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے پاک فوج کو مدد کے لئے طلب کرلیا گیا۔ 3 ہفتوں سے جاری آپریشن میں شریک پولیس اہلکاروں نے بھی اپنی پوزیشنیں سنبھال رکھی ہیں جب کہ پاک فوج کےآنےکےبعدان کےحوصلے بھی آسمان پر پہنچ گئے۔

اوکاڑہ سے پاک فوج کی بٹالین 6 ہیلی کاپٹروں پر سوار ہوکر راجن پور پہنچی جس میں 100 جوان شامل ہیں جب کہ آپریشن کے لئے مزید 500 جوانوں کو طلب کیا گیا ہے۔ چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی کے لئے آپریشن میں فوج کو ایس ایس جی کمانڈوز کی مدد بھی حاصل ہے جب کہ 7 ونگ چولستان رینجرز کے اہلکار بھی ان کی مدد کے لیے راجن پور میں موجود ہیں اور پولیس کے جوان بھی بدستور آپریشن کا حصہ رہیں گے۔

پاک فوج کےجوان راجن پور پہنچے تو چھوٹو گینگ نے جان بچانے کے لیے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن وہ پولیس کا گھیرا توڑنے میں ناکام رہا جب کہ آپریشن کے باعث کچی جمال میں صبح سے کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ چھوٹو گینگ کیخلاف جاری آپریشن کیلئے لاہور سے اسلحے کی مزید کھیپ روانہ کردی گئی ہے، چھوٹو گینگ کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے پنجاب کانسٹیبلری کے بھی مزید 2 سو جوان طلب کرلئے گئے ہیں۔


ادھر یرغمال کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے ہاتھ یرغمالیوں کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں اور لواحقین نے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے احتجاج بھی کیا جس کے باعث انڈس ہائی وے پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے لواحقین کے لئے فی کس 50 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ چھوٹو گینگ 2010 سے راجن پور میں خوف کی علامت بنا ہوا ہے جب کہ پولیس کو گزشتہ 4 آپریشنز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور حالیہ پولیس آپریشن کے دوران 6 اہلکار شہید اور 22 کو یرغمال بنایا جاچکا ہے۔

Load Next Story