بھارت آج انگلینڈ کیخلاف ’’انتقامی‘‘ سیریز کا آغاز کریگا

پلیئرز ہوم گرائونڈز پر حریف سے حساب چکتا کرنے کیلیے بے تاب، بیمار ایشانت میچ سے باہر۔

احمد آباد: ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور انگلش قائد الیسٹر کک کا ٹرافی تھامے پوز۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف انتقامی ٹیسٹ سیریز کا آغاز جمعرات سے احمد آباد میں کرے گی۔

پلیئرز ہوم گرائونڈز پر حریف سے حساب چکتا کرنے کیلیے بے تاب ہیں، مہمان بیٹنگ لائن پر اسپن جال کے ساتھ پیس اٹیک سے بھی حملہ کیا جائے گا، روی چندرن ایشون اور پراگیان اوجھا کی موجودگی میں ہربھجن کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے، یوراج کینسر کو پچھاڑنے کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں، کپتان دھونی نے واضح کردیا کہ اوپننگ وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر ہی کرینگے۔ دوسری جانب مہمان سائیڈ بھارتی سرزمین پر سیریز فتوحات کا 28 سالہ قحط ختم کرنے کیلیے پُرعزم ہے، اسٹیون فن حسب توقع انجری کے باعث آئوٹ ہوگئے، اسٹورٹ براڈ کے کھیلنے کا امکان روشن ہے۔


کپتان الیسٹر کک نے کہا کہ دھونی الیون کو ان کے میدانوں میں پچھاڑنے کی پوری کوشش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے گذشتہ برس جب جولائی اگست میں بھارتی ٹیم کو4-0 سے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست سے دوچار کیا اسی وقت بورڈ کے صدر این سری نواسن نے اعلان کیا تھا کہ ہم ان سے آئندہ برس اپنے گرائونڈز پر شکست کا بدلہ لیں گے، اب بھارتی ٹیم اپنی اس انتقامی سیریز کا آغام کرنے والی ہے۔ احمد آباد کے موتیرا اسٹیڈیم کی پچ نئی تاہم قدرے خشک ہے، اس لیے اسپنرز کو مدد ملنے کا امکان ہے، مگر میزبان کپتان دھونی تین فرنٹ لائن اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا ارادہ نہیں رکھتے، انھیں ظہیر خان اور امیش یادیو کی صورت میں پیس اٹیک پر پورا بھروسہ ہے، اس لیے ہربھجن کو ٹیم میں واپسی کے باوجود پلیئنگ الیون کا حصہ بننے کیلیے انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔

بخار میں مبتلا ہونے والے ایشانت شرما پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تاہم ان کی جگہ لینے والے اشوک ڈینڈا کے کھیلنے کا کوئی امکان نہیں لگتا۔ مہندرا سنگھ دھونی نے کہاکہ ہمیں اسپنرز کے ساتھ یہاں پر فاسٹ بولرز کے بھی کارآمد رہنے کی امید ہے۔ ادھر انگلینڈ کو تھائی اسٹرین کے شکار اسٹیون فن کی خدمات حاصل نہیں ہیں، انگلش ٹیم نے گذشتہ 28 برس سے بھارت میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی تاہم کپتان الیسٹر کک کا کہنا ہے کہ اب تاریخ بدلنے کا وقت آگیا، ہم جانتے ہیں کہ بھارتی ٹیم اپنے گرائونڈز پر کافی مشکل ثابت ہوتی ہے مگر اس بار اسے دبائو میں لانے کی پوری کوشش کریں گے۔
Load Next Story