جونیئر ہاکی پاکستان نے بھارتی فتوحات کا سلسلہ ختم کردیا

مقابلے کا بغیرکسی گول کے برابری پراختتام، آسٹریلیا اور جرمنی نے اپنے میچز جیت لیے۔

مقابلے کا بغیرکسی گول کے برابری پراختتام، آسٹریلیا اور جرمنی نے اپنے میچز جیت لیے۔ فوٹو : اے ایف پی

سلطان آف جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بھارت کی فتوحات کا سلسلہ ختم کردیا۔

مقابلے کا اختتام بغیر کسی گول کے برابری پر ہوا، گرین شرٹس جمعرات کو میزبان ملائیشیا کے مقابل آئیں گے،ٹیم نے اس سے قبل کیویز کیخلاف مقابلہ 3-3 سے ڈرا کیا جبکہ آسٹریلیا کے ہاتھوں 1-5 سے شکست برداشت کرنا پڑی،اس کے برعکس بھارت نے اپنے دونوں ابتدائی میچز جیتے تھے،اس نے آسٹریلیاکیخلاف 2-0 سے حیران کن فتح پائی اور پانچ مرتبہ کے ورلڈ جونیئر چیمپئن جرمنی کو 3-1 سے ہرایا تھا۔جوہربارو، ملائیشیا میں بدھ کو روایتی حریف کیخلاف پاکستان نے جارحانہ انداز اختیار کیے رکھا تاہم دونوں ٹیموں کے فارورڈز میچ کو نتیجہ خیز نہیں بناسکے۔


گرین شرٹس نے پہلا پنالٹی کارنر 39 ویں منٹ میں حاصل کیا لیکن محمد عرفان نے گول کا موقع ضائع کردیا، 46 ویں منٹ میں بھارت کے پردیپ سنگھ کی لگائی ہوئی ہٹ پر گول کیپر نے گیند قابو کرلی، پاکستان کو 64 ویں منٹ میں بھی گول داغنے کا موقع ملا لیکن محمد ارسلان قادر کا اسٹریٹ شاٹ انڈین گول کیپر ششانت ٹرکی نے روک لیا، تین میچز کی تکمیل پر بھارت 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پاکستان 2 پوائنٹس لے کر6ٹیموں کے ایونٹ میں آخری نمبر پر ہے۔

دونوں ٹیمیں جونیئر سطح پر 27 مرتبہ مدمقابل آچکیں،10میں گرین شرٹس اور 9 میں حریف نے فتح پائی،8 میچز ڈرا ہوئے، پاکستان کے 42 گول کے مقابلے میں بھارت نے 49 بنائے، جوہر بارو ایونٹ میں اس سے قبل منعقدہ تین میچز میں سے دو میں بھارت اور ایک میں پاکستانی ٹیم کامیاب رہی۔بدھ کو دیگر میچز میں آسٹریلیا نے میزبان ملائیشیا کو 3-2 سے مات دی، جرمنی نے اپنی گذشتہ دو ناکامیوں کا غصہ نیوزی لینڈ کو5-1 سے ہرا کر اتارا۔جمعرات کو جرمنی کا مقابلہ آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ کا سامنا بھارت سے ہوگا۔

Recommended Stories

Load Next Story