ورلڈ کپ کوالیفائر جاپان نے اومان کو شکست دیدی

عراق نے اردن کیخلاف1-0 سے فتح حاصل کی، قطر نے لبنان کو بھی ایک گول سے زیر کیا۔

عراق نے اردن کیخلاف1-0 سے فتح حاصل کی، قطر نے لبنان کو بھی ایک گول سے زیر کیا۔ فوٹو: فائل

جاپان نے کوالیفائر میں اومان کو 2-1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2014ء میں شرکت کا امکان روشن کرلیا۔


ایشین سائیڈ 13 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں موجود آسٹریلیا پر 8 پوائنٹس کی واضح سبقت پانے میں کامیاب ہوگئی، جاپان کو ابھی اس مرحلے میں مزید تین میچز کھیلنا ہیں، ٹیم اب آئندہ برس 26 مارچ کو اردن سے میچ کھیلے گی،اومان اسی دن آسٹریلیا کا مہمان بنے گا، گروپ 'بی ' کے دوسرے مقابلے میں سابق ایشین چیمپئن عراق نے اردن کیخلاف 1-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔ قطر نے لبنان کو زیر کیا ۔مسقط میں کھیلے گئے مقابلے میں موجودہ ایشین چیمپئن جاپان نے میزبان اومان کیخلاف عمدہ کھیل پیش کیا، مہمان ٹیم کو کھیل کے 20ویں منٹ میں ہیروشی کیوٹیک نے گول داغ کر برتری دلائی جو77 ویں منٹ تک برقرار رہی،اختتام سے 13 منٹ قبل احمد مبارک نے گیند کو جال میں پہنچاکر میزبان شائقین کے چہروں پر خوشیاں بکھیردیں، 89ویں منٹ میں متبادل پلیئر گوٹوکو سیکائی کے کراس پر شنجی اوکازاکی نے گیند کو جال تک پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔

اس طرح اومان کی ٹیم فائنل رائونڈ میں ہوم گرائونڈ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز کھو بیٹھی، اس مقابلے میں جاپان کو اپنے اسٹار اسٹرائیکر مانچسٹر یونائیٹڈ کے شنجی کاگاوا کا ساتھ حاصل نہیں تھا، اومان کے گول کیپر علی الحسبی نے ابتدا میں جاپانی فارورڈز اوکازاکی کابھرپور حملہ ناکام بنایا تھا، دوحا میں منعقدہ دوسرے مقابلے میں عراق نے اردن کو 1-0 سے مات دی، فیصلہ کن گول کھیل کے 86ویں منٹ میں حمادی احمد نے بنایا، اس کامیابی کی بدولت عراق پوائنٹس ٹیبل پر اردن سے آگے نکل گیا، دوحا کے جاسم بن حماد اسٹیڈیم میںگروپ ' اے ' مقابلے میں قطر نے لبنان کو 1-0 سے ہرایا، واحد گول 75 ویں منٹ میں آندریس نے بنایا۔
Load Next Story