اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ آج متعارف کل سے فروخت ہونگے

طالبعلم 100روپے میں خریدسکیں گے، ہر 3 ماہ بعد قرعہ اندازی، پہلا انعام 7 لاکھ روپے ہوگا۔

طالبعلم 100روپے میں خریدسکیں گے، ہر 3 ماہ بعد قرعہ اندازی، پہلا انعام 7 لاکھ روپے ہوگا۔ فوٹو فائل

نیشنل سیونگ کارپوریشن (این سی سی ) کی جانب سے اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ کا اجرا جمعرات 15 نومبر کو ہوگا جبکہ اسٹوڈنٹ بانڈ کی فروخت جمعہ 16 نومبر سے شروع ہوگی۔


بانڈ کے اجرا کی تقریب جمعرات کی شام نیشنل سیونگ کارپوریشن کے ریجنل زون کراچی میں منعقد ہوگی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بینکنگ سرکل کے ڈائریکٹر آفتاب مصطفی خان مہمان خصوصی ہوں گے، بانڈکا افتتاح14 اگست کو ہونا تھا لیکن پرنٹنگ میں تاخیر کی وجہ سے بانڈ کا اجرا تاخیر سے ہورہا ہے، اسٹوڈنٹ بانڈ کی ہر 3 ماہ بعد قرعہ اندازی کی جائے گی، قومی بچت کا اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ پاکستان کے طلبا و طالبات کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کیلیے سنگ میل ثابت ہوگا، اس اسکیم میں اسکول، کالج یا کسی بھی انسٹی ٹیوٹ کے کسی عمر کے بھی طلبا و طالبات اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ حاصل کرسکیں گے، اسٹوڈنٹ ویلفیئر بانڈ فی عدد 100 روپے کا ہوگا اور مجموعی طور پر 10 لاکھ بانڈ ہونگے، اس طرح مجموعی طور پر اس بانڈ میں10 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جا سکے گی۔

بانڈ خریدنے والے طلبا ہر 3 ماہ بعد ہونے والی قرعہ اندازی میں شرکت کر سکیں گے، جس کا پہلا انعام 7 لاکھ روپے ہوگا جبکہ دوسرا انعام 2 لاکھ روپے ہوگا۔ اس ضمن میں این سی سی کے سینئر افسر جاوید شیخ نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل این سی سی ظفر شیخ نے اسٹوڈنٹ بانڈ متعارف کرانے کیلیے بے پناہ محنت کی ہے اور اس بانڈ کے اجرا سے طلبا میں سرمایہ کاری اور بچت کا رجحان فروغ پائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ شارٹ ٹرم سیونگ اسکیم کو بھی سرمایہ کاروں کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی ہے، نئی پراڈکٹ متعارف کرائے جانے سے بچت کی شرح میں بہتری آرہی ہے۔
Load Next Story