جہاز راں کمپنی کیخلاف کسٹم ڈیوٹی کی چوری کا مقدمہ درج

کمپنی نے طیاروں پر لاگو 15 کروڑ کسٹم ڈیوٹی چرائی،بینک سے 40 کروڑ کا قرض لیا،ایف آئی اے کی کارروائی.

کمپنی نے طیاروں پر لاگو 15 کروڑ کسٹم ڈیوٹی چرائی، بینک سے 40 کروڑ کا قرض لیا،ایف آئی اے کی کارروائی. فوٹو: فائل

ایف آئی اے کراچی نے پرنسلے جیٹ کی جانب سے لیز پر حاصل کیے جانے والے ایئرکرافٹس کی تقریباً 15کروڑ روپے کسٹم ڈیوٹی کی چوری اور ایئرکرافٹس کو اپنی ملکیت ظاہر کرکے 40 کروڑ روپے سے زائد قرض حاصل کرنے کے الزام میں دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے ہیں۔


اس سلسلے میں نیشنل بینک کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق ایف آئی کراچی نے پرنسلے جیٹ کی جانب سے لیز پر درآمد کیے جانے والے دو ایئرکرافٹس کی درآمد اور ان کی ملکیت کی بنیاد پر حاصل کیے جانے والے کروڑوں روپے کے قرضے کے معاملے میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں کے الزام میں دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کیے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ پہلا مقدمہ کسٹم ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ پرنسلے جیٹ کی جانب سے درآمد کرتے وقت ایئرکرافٹس کی ملکیت ظاہر نہیں کی گئی تھی اور کسٹمز میں جمع کرائی جانے والی دستاویزات کے مطابق ایئرکرافٹس چند ماہ کیلیے لیز (کرائے) پر حاصل کیے گئے تھے۔

جس کی وجہ سے پرنسلے جیٹ نے ایئرکرافٹس کی لیز پر حاصل کیے جانے والے ایئرکرافٹس کیلیے مقرر کردہ معمولی کسٹم ڈیوٹی چند ماہ تک ادا بھی کی تاہم اس کے بعد ماہانہ بنیادوں پر ادا کی جانے والی کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی روک دی گئی جبکہ طویل عرصہ گزرجانے کے بعد بھی ایئرکرافٹس پاکستان میں ہی موجود ہیں اور کمپنی ان سے خطیر آمدنی حاصل کررہی ہے، دوسری جانب پرنسلے جیٹ نے نیشنل بینک میں مذکورہ ایئرکرافٹس کو اپنی ملکیت ظاہر کرکے 40 کروڑ روپے سے زائد قرضہ حاصل کرلیا،ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے نے دوسرا مقدمہ مبینہ طور پر ایئرکرافٹس کی ملکیت غلط ظاہر کرنے کے الزام میں درج کیا ہے اور دونوں مقدمات میں پرنسلے جیٹ کے چیف ایگزیکٹو کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ اس مقدمے میں نیشنل بینک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ ارتضیٰ کو گرفتار کرکے بینکنگ کورٹ سے ان کا 6 روز کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔
Load Next Story