پارلر پرحملہ کرنیوالوں کوسزا دلانے کے لیے آخرتک جاؤں گی شگفتہ اعجاز

وزیراعظم اسلحہ کے زور پر خواتین اور اسٹاف سے بدتمیزی کرنیوالوں کو سزادلوائیں، شگفتہ اعجاز

وزیراعظم اسلحہ کے زور پر خواتین اور اسٹاف سے بدتمیزی کرنیوالوں کو سزادلوائیں، شگفتہ اعجاز فوٹو : محمد عظیم/ ایکسپریس

معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز نے کہاکہ جن لوگوں نے میرے پارلر پر حملہ کیا ان کو سزا دلانے کے لیے آخری حد تک جاؤں گی، وہ گذشتہ روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں، اس موقع پر ان کے شوہر یحییٰ صدیقی، دوست شہلااعجاز بھی موجود تھیں۔


انھوں نے کہاکہ میرے بیوٹی پارلر پر جن لوگوں نے حملہ کیا تھا وہ کوئی نامعلوم لوگ نہیں تھے انھوں نے کھلم کھلا بغیر کسی اجازت کے بیوٹی پارلرمیں داخل ہوکر کلاشکوف، ٹی ٹی پستول کے زور پر عملے کویرغمال بنایا اور پارلرکے گارڈ سے بندوق چھین کر تمام اسٹاف اور وہاں آئی ہوئی خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی۔

شگفتہ اعجاز نے کہا کہ میری ملک کے صدر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ سے اپیل ہے کہ وہ میرا ساتھ دیں اور میرے بیوٹی پارلر میں گھس کر عملے کے ارکان اور باہر سے آئی خواتین کے ساتھ کی جانے والے سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں سخت سے سخت سزائیں دلوائیں، تاکہ آئندہ کوئی اسلامی معاشرے میں خواتین کی بے حرمتی کا سوچ بھی نہ سکے۔ انھوں نے پریس کانفرنس میں وقوعے والے روز پارلرکے سی سی ٹی وی فوٹیج سے نکالی گئی تصاویر بھی دیکھائیں۔
Load Next Story