اولمپیا شہر میں ریوگیمزکی مشعل روشن کر دی گئی

قدیم یونانی لباس میں ملبوس اداکارہ نے سورج کی کرنوں کااستعمال کرکے مشعل جلائی

قدیم یونانی لباس میں ملبوس اداکارہ نے سورج کی کرنوں کااستعمال کرکے مشعل جلائی ۔ فوٹو : اے ایف پی

یونان میں اولمپکس کی جائے پیدائش اولمپیا شہر میں منعقدہ تقریب کے دوران ریوگیمز2016 کی مشعل روشن کر دی گئی۔

قدیم یونانی لباس میں ملبوس اداکارہ کیٹرینا لیہو نے سورج کی کرنوں کا استعمال کرتے ہوئے مشعل جلائی، اولمپک ٹارچ کو مختلف ایتھلیٹ ایک بین الاقوامی ریلے دوڑ میں لے کر جائیں گے جہاں ریو ڈی جنیرو میں 5اگست کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں اس کے سفر کا اختتام ہو گا۔اولمپک گیمز کے لیے مشعل روشن کرنے کی رسم 80 سال قبل برلن گیمز کے موقع پر شروع ہوئی تھی۔


یونان کے قدیم شہر اولمپیا میں یہ کھیل ایک ہزار سال تک منعقد ہوتے رہے ہیں۔ اداکارہ کیٹرینا لیہو نے گذشتہ روزایک تقریب میں مشعل روشن کرنے کے بعد روشنی اور موسیقی کے قدیم یونانی دیوتا اپولو کے سامنے عبادت کی۔کیٹرینا لیہو نے اس کے بعد اس شمع کو یونان کے جمناسٹک چیمپئن ایلفتھیریوس پیٹرونیاس کے سپرد کیا جو اس ریلے دوڑ کے پہلے رنز ہوں گے۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کا کہنا ہے کہ مشعل 6 دن تک یونان کے اندر سفرکے بعد تین مئی کو برازیل پہنچے گی، وہاں100 دن کے دوران اسے500 شہروں اور دیہات کا سفر کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ گیمز کے انعقاد میں اب زیادہ وقت باقی نہیں رہا مگر برازیل کی کشیدہ سیاسی صورتحال نے تیاریوں پر سوالیہ نشان عائد کر دیا ہے، گوکہ منتظمین کا دعویٰ ہے کہ مقابلوں کا اس سے کوئی تعلق نہیں مگر ماہرین کی نظر میں مسائل سامنے آنا خارج از امکان نہیں ہے۔
Load Next Story