سلیم ملک قومی ٹیم کیلیے غیرملکی کوچ کے مخالف

پاکستانی کوچنگ میں دلچسپی تھی لیکن پھر ارادہ بدل دیا، انضمام کا بورڈ میں آنا خوش آئند ہے، سابق کپتان

پاکستانی کوچنگ میں دلچسپی تھی لیکن پھر ارادہ بدل دیا، انضمام کا بورڈ میں آنا خوش آئند ہے، سابق کپتان۔ فوٹو فائل

سلیم ملک نے قومی ٹیم کیلیے غیر ملکی کوچ کے تقرر کی مخالفت کردی۔

تفصیلات کے مطابق سلیم ملک کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کیلیے میں بھی درخواست دینا چاہتا تھا لیکن پی سی بی کی غیرملکی کوچ میں دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ارادہ ترک کردیا، لاہور کے باغ جناح گراؤنڈ میں مقامی کلب اور پاکستان کا دورہ کرنے والی بیلجیئم کی ایک ٹیم کے مابین میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ زبان مختلف ہونے کی وجہ سے رابطے کا فقدان رہتا ہے اور غیر ملکی کوچ پاکستانی کرکٹرز کیلیے موثر ثابت نہیں ہو سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی اس سطح پر بنیادی تکنیک تبدیل نہیں کی جاسکتی،ان کی صرف درست خطوط پر رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔


سابق کپتان نے کہا کہ انضمام الحق کو چیف سلیکٹر بنائے جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، امید ہے کہ آزادانہ کام کرتے ہوئے بہتر پالیسی تشکیل دینے کیساتھ اس پر عملدرآمد بھی یقینی بنائیں گے، ماضی میں اہم مقابلوں سے قبل حتمی اسکواڈ میں بار بار تبدیلیاں کی جاتی رہی ہیں،اب ایسا نہیں ہوگا اور بہتر ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

سلیم ملک نے کہا کہ کرکٹ کی سمجھ بوجھ نہ ہونے کی وجہ سے کسی ٹیکنوکریٹ کو بورڈ کا سربراہ کبھی نہیں بنانا چاہیے، یہ عہدہ صرف کرکٹرز کو ہی سونپا جانا چاہیے جو کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کو سمجھ کر ان کا درست حل بھی تلاش کرسکتا ہے۔
Load Next Story