حصص مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے اتار چڑھاؤ سے 27پوائنٹس کی کمی

کاروباری اتاچڑھاؤکے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 33ارب 79کروڑ 22لاکھ 79ہزار 504 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

کاروباری اتاچڑھاؤکے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 33ارب 79کروڑ 22لاکھ 79ہزار 504 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا فوٹو : فائل

گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروباری اتار چڑھاؤ کی زد میں رہی، کے ایس ای 100انڈیکس 33916 پوائنٹس کو چھونے کے بعد 33700پوائنٹس کی سطح پر ہی بند ہوا، تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں 33ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈکیاگیا۔

پانامہ پیپرز کے انکشافات کے بعد سیاسی درجہ حرارت بڑھنے سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید کاروباری دباؤ کا شکار ہے، سرمایہ کار مارکیٹ میں سرمایہ لگا بھی رہے ہیں اور منافع کی خاطر سرمائے کے انخلا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ماہرین کے مطابق کیونکہ انڈیکس 34ہزار پوائنٹس کے قریب ہے اس لیے بھی مارکیٹ تکنیکی کریکشن کا شکار ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا آغاز مندی کے ساتھ ہوا اور 4 کاروباری دنوںمیں انڈیکس 194.99پوائنٹس گھٹ گیا جبکہ ایک روزہ تیزی میں انڈیکس نے167.41پوائنٹس ریکورکیے۔


گزشتہ ہفتے کے دوران کاروباری مندی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پرانڈیکس 33400پوائنٹس کی کم سطح پر دیکھا گیا تھا تاہم کاروباری تیزی کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس33900پوائنٹس کی بلند سطح پربھی آگیاتھا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 27.58 پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 33767.12 پوائنٹس سے کم ہوکر 33739.54 پوائنٹس پر آگیا۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس11.87پوائنٹس کی کمی سے 19538.04 پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 23138.55 پوائنٹس سے بڑھ کر 23242.95 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری اتاچڑھاؤکے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 33ارب 79کروڑ 22لاکھ 79ہزار 504 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 69کھرب 59ارب 16ہزار 978روپے سے بڑھ کر 69کھرب 92ارب 79کروڑ 22لاکھ 96ہزار 482 روپے ہوگیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ 32کروڑ 70لاکھ 68ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 15ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 15کروڑ 65لاکھ 83ہزار روپے رہا اور ٹریڈنگ ویلیو7ارب روپے تک محدود رہی۔

گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طورپر 1824کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے833 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 861میں کمی اور 130کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبارکے لحاظ سے سوئی نادرن گیس کمپنی، ٹی آر جی پاک لمیٹڈ، پاک انٹرنیشنل بلک، کے الیکٹرک، لمیٹڈ، دیوان موٹرز، پیس پاک لمیٹڈ، دیوان سیمنٹ، پاورسیمنٹ لمیٹڈ، بائیکوپیٹرولیم، فاطمہ فرٹیلائزر اورہم نیٹ ورک سرفہرست رہے۔
Load Next Story