وزیر دفاع کا عمران خان اور مشرف کیخلاف پاناما لیکس کے مجوزہ کمیشن جانے کا اعلان

عمران خان کی آف شور کمپنیوں کے ثبوت موجود ہیں جو کمیشن کےسامنے پیش کروں گا، خواجہ آصف

عمران خان کی آف شور کمپنیوں کے ثبوت موجود ہیں جو کمیشن کےسامنے پیش کروں گا، خواجہ آصف، فوٹو؛ فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان اور سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف پاناما لیکس کے مجوزہ جوڈیشل کمیشن میں جانے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چوہدری سے بات کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی آڑ میں صرف وزیراعظم کا نہیں بلکہ سب کا احتساب ہونا چاہیے اور میاں صاحب نے تو خود کو احتساب کے لیے پیش کردیا لیکن ان لوگوں کا احتساب بھی ہوگا جنہوں نے پرویز مشرف کے ساتھ دیا۔ وزیر دفاع نے عمران خان اور سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف مجوزہ جوڈیشل کمیشن میں جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کٹا کھل گیا ہے اب کھلا ہی رہے گا اور اب ایک نہیں بہت سے کٹے کھیلیں گے۔


خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان شوکت خانم کے خیرات کا پیسہ آف شور کمپنیوں میں لگائیں یہ کیسے جائز ہوسکتا ہے اور میرے پاس ان کے آف شور اکاؤنٹس کے ثبوت ہیں جو میں کمیشن کے سامنے لے کر جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں تحریک انصاف کی مدد کرنے والےامپائر اب گھر جاچکے ہیں دوبارہ امپائرز کی مدد کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا جب کہ عمران خان احتساب کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن خود تو وہ عدالتوں سے حکم امتناع لیتے ہیں۔

Load Next Story