وزیر اعظم ہاؤس میں مریم نواز کی سربراہی میں جھوٹ کی فیکٹری لگی ہوئی ہے جہانگیر ترین

نواز شریف اس وقت سے لندن میں فلیٹس کے مالک ہیں جب وہ 5ہزار روپے ٹیکس دیتے تھے، رہنما تحریک انصاف

میں نے پانچ سال میں 27کروڑ 44لاکھ جب کہ میری شوگر ملوں نے ایک ارب 83 کروڑ کا ٹیکس دیا، جہانگیر ترین فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں عوام کے ٹیکس سے میڈیا سیل کے نام پر جھوٹ کی ایک فیکٹری لگائی گئی ہے جس کی سربراہ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز ہیں۔


اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران جہانگیر ترین نے کہا کہ پاناما لیکس سامنے آتے ہی مسلم لیگ (ن) کو جہانگیر ترین یاد آگیا ہے، پاناما لیکس سامنے نہ آتا اور اس میں وزیراعظم کے صاحبزادوں کا نام آنے پر تحقیقات کا مطالبہ نہ کیا جاتا تو مجھ پر ایک بھی الزام نہ لگایا جاتا، مسلم لیگ (ن) ایسا کرکے سیاسی بلیک میلنگ کر رہی ہے لیک وہ اس بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں عوام کے ٹیکس سے میڈیا سیل کے نام سے جھوٹ کی ایک فیکٹری لگائی گئی ہے جس کی سربراہ وزیراعظم کی صاحبزادی ہیں، نواز شریف نے لندن کے علاقے مے فیئر میں فلیٹس 90 کی دہائی میں خریدے اور اس وقت وہ 5 ہزار ٹیکس ادا کرتے تھے، ان کے بچے تو اس وقت زیر کفالت اور زیر تعلیم تھے۔ انہوں نے اربوں روپے کے اثاثے کہاں سے بنالئے۔ میرے اور میرے بچوں کے بھی باہر اثاثے ہیں مگر میں نے اپنے بچوں کے اثاثے اپنے گوشواروں میں ظاہر کررکھے ہیں، نواز شریف بتائیں کیا انہوں نے لندن میں اپنے بچوں کی جائیدادیں گوشواروں میں ظاہر کیں، اگر ان کے پاس میری طرح اپنے کاروبار، اثاثوں اور جمع کرائے گئے ٹیکس کا ریکارڈ ہے تو ایک ہفتے میں سامنے لے آئیں، پاناما لیکس سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے مجھ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ میں نے پانچ سال میں 27کروڑ 44لاکھ جب کہ میری شوگر ملوں نے ایک ارب 83 کروڑ کا ٹیکس دیا۔
Load Next Story