لاہورانتظامیہ کا تحریک انصاف کو چیئرنگ کراس پرجلسے کی اجازت دینے سے انکار

عمران خان بھی چیئرنگ کراس پر جلسہ کرنے کے لئے ڈٹ گئے۔

چیئرنگ کراس پر جلسے کی صورت میں تحریک انصاف اپنی سیکیورٹی کی خود ذمہ دار ہوگی، ڈی آئی جی آپریشنز

مقامی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو چیئرنگ کراس پر یکم مئی کو جلسے کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا ہے۔



لاہور میں چیئرنگ کراس پر جلسے کے حوالے سے مقامی انتظامیہ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو شدید سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں اس لئے گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کو چیئرنگ کراس پر جلسے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔




پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ چیرمین عمران خان واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ جلسہ ہمارا جمہوری حق ہے اور سیکیورٹی فراہم کرنا مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ہم ہر صورت چیئرنگ کراس پر ہی جلسہ کریں گے۔ تحریك انصاف كے مركزی رہنما اور لاہور جلسے كے چیف آرگنائزر عبدالعلیم خان کا کہنا ہےکہ ضلعی انتظامیہ سیاسی ایما پر ہٹ دھرمی كا مظاہرہ كر رہی ہے، پی ٹی آئی نے بر وقت تمام قانونی اور ضابطے كی كارروائی پوری كی اب جلسے كا مقام ہر گز تبدیل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں کرسیاں گننے والے اپنا شوق پورا كر لیں، یكم مئی كے دن زندہ دلان لاہور كرپشن كے خلاف دو ٹوك فیصلہ دیں گے اور عمران خان كی قیادت میں مال روڈ پر عظیم الشان جلسہ منعقد ہوگا۔



دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے چیئرنگ کراس پر جلسہ کرنے کی ضد پر ڈٹے رہنے کے حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف چیئرنگ کراس پر ہی جلسہ کرنے پربضد ہے تو ہمیں بھی کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن تحریک انصاف اپنی سیکیورٹی کی خود ذمہ دار ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف یکم مئی بروز اتوار کو لاہور کے چیئرنگ کراس پر جلسے کا اعلان کر چکی ہے۔

Load Next Story