کچھ دنوں میں کراچی کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے وزیراعظم

حکومت مدت مکمل کرنیوالی ہےکراچی کے حالات خراب کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی، ایم کیو ایم کے وفد، ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو

لوگ دہشتگردی، انتہاپسندی، عدم برداشت اور فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں. فوٹو: فائل

PUNJAB:
وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت مکمل کرنے والی ہے جس کے بعد ملک میں عام انتخابات کرائے جائیں گے۔

ملک دشمن عناصر کی طرف سے جمہوریت اور جمہوری ایجنڈے کو کمزور کرنے کی کوششیں ناکام بنا دینگے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں اپنے چیمبر میں مختلف ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتوں میں وزیراعظم نے کہا حکومت نے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ملک بالخصوص دور دراز کے علاقوں میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن سے انکا معیار زندگی بلند ہوگا۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ کارکنوں اور عوام کے ساتھ رابطے میں رہیں اور اپنے اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔


انھوں نے حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور اقتصادی ترقی کی شرح بڑھانے کیلیے کوشاں ہے، اس کے علاوہ انرجی سیکیورٹی، فوڈ سیکیورٹی اور عوام کی سوشل سیکیورٹی پر توجہ دے رہی ہے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے بابر غوری، وسیم اختر، عبدالقادر خانزادہ اور آصف حسنین پر مشتمل وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کراچی میں کسی کو بھی حالات خراب کر نے کی اجازت نہیں دی جائیگی، حکومت شہر میں امن وامان کا قیام یقینی بنانے کیلیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، کچھ دنوں میں کراچی کے حالات بہتر ہو جائیں گے۔ وفد نے وزیراعظم کو کراچی کی صورتحال پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا وفاقی حکومت کراچی میں امن کے قیام کیلیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، وزیراعلی سندھ کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ کراچی کے امن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ پرویز اشرف نے قوم کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ تعاون کرنے اور متحرک رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگ دہشتگردی، انتہاپسندی، عدم برداشت اور فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

Recommended Stories

Load Next Story