کراچی فوجی انٹیلی جنس ونگ کی مدد سے بڑے آپریشن کی تیاری

طالبان کے نام پر سرگرم گروپ، لینڈ مافیا، کرایے کے قاتل اور سیاسی عسکری ونگ ہدف ہونگے

طالبان کے نام پر سرگرم گروپ، لینڈ مافیا، کرایے کے قاتل اور سیاسی عسکری ونگ ہدف ہونگے. فوٹو: فائل

حکومت نے کراچی میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور بے لگام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے ایک بڑے آپریشن کی تیاری شروع کردی ہے۔

تاہم اس بات کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ یہ آپریشن عاشورہ سے قبل کیا جائے گا یا پھر عاشورہ کے فوری بعد۔ آپریشن میں حکومت کو فوج کی مکمل سپورٹ ہوگی۔ باخبر ذرائع نے اس امر کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہر میں دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کے بعد قتل کر کے لاشیں پھینکنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے شہر میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیے جانے کا امکان ہے ۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کو فیصلہ کن بنانے کے لیے فوج کی مدد بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ پہلے مرحلے میں فوج کے انٹیلی جینس ونگ سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کا آغاز کیا جائے گا تاہم حکومت کی کوشش اور خواہش ہے کہ اس آپریشن کو فوجی آپریشن کا نام نہ دیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کو جدید سامان اور گاڑیوں سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ آپریشن کے دوران پولیس اور رینجرز کو کسی بھی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر کیے جانے والے آپریشن میں شہر کے تمام علاقے شامل ہیں اور نہ تو کوئی سیاسی دباؤ قبول کیا جائے اور نہ ہی کسی ایک علاقے کو ٹارگٹ کیا جائے بلکہ آپریشن بلاتفریق پورے شہر میں کیا جائے گا تاکہ آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ آپریشن طالبان کے نام پر سرگرم گروپوں، بھتہ مافیا ، لینڈ مافیا اور کرایے کے قاتلوں سمیت سیاسی جماعتوں کے عسکری گروپوں کے خلاف کیا جائے گا۔

آپریشن کو غیر جانبدارانہ رکھنے کیلیے بھی حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے حوالے سے اس بات پر خاص توجہ کی جارہی ہے کہ دوران آپریشن گرفتار ہونیوالے افراد کو عدالتوں سے سزا بھی دلائی جاسکے اور دہشتگرد قانونی سقم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رہا نہ ہوجائیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ آپریشن مکمل طور پر خفیہ اداروں کی تیار کردہ رپورٹس کی روشنی پر کیا جائیگا۔

Recommended Stories

Load Next Story