پاکستان کا نام روشن کرنا میرا اولین مقصد ہے سعدیہ خان

بالی وڈ ڈائریکٹر کبیرخان کی طرف سے بالی وڈ کے لیے مجھے موزوں قراردینا اعزاز سے کم نہیں ہے، سعدیہ خان

اگر مجھے بالی وڈ میں اچھے پروجیکٹ کی پیشکش ہوتی ہے تو ضرور کام کروں گی، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

معروف ماڈل واداکارہ سعدیہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا نام روشن کرنا میرا اولین مقصد ہے، اچھے کام کی پیشکش ملک سے ہویا بھارت سے ضرور کرونگی۔


بالی وڈ ڈائریکٹر کبیرخان کی طرف سے بالی وڈ کے لیے مجھے موزوں قراردینا اعزاز سے کم نہیں ہے۔ فی الحال بالی وڈ انٹری کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، آنے والے دنوں میں اپنے چاہنے والوںکواچھی خبردونگی۔ ان خیالات کااظہار سعدیہ خان نے '' ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ کبیرخان کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ انھوںنے جس طرح سے اپنی فلموں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کااظہارکیا، اس کوسب نے دیکھا اورسراہا ہے۔ خاص طورپر'' بجرنگی بھائی جان '' کوجس طرح سے انھوں نے بنایا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ ان کا میرے متعلق یہ کہنا کہ میں بے پناہ صلاحیتیوں کی مالک ہوں اورمیرے ٹیلنٹ سے بالی وڈ کو فائدہ اٹھانا چاہیئے، اس پرمیں خود کوخوش قسمت سمجھتی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ میرے اور کبیر خان کے درمیان کبھی رابطہ نہیں ہواالبتہ بالی وڈکی کئی دیگر شخصیات سے رابطہ رہتا ہے کیونکہ کئی بار مجھے بالی وڈ میں کام کی پیشکش ہوچکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سعدیہ خان نے کہا کہ ٹیلنٹ کو کسی بھی جگہ محدود نہیں کیاجا سکتا کیونکہ اب دنیا گلوبل ولیج کی حیثیت اختیارکرچکی ہے۔ اگر مجھے بالی وڈ میں اچھے پروجیکٹ کی پیشکش ہوتی ہے تو ضرور کام کروں گی، اچھا پراجیکٹ اگرمجھے دنیا کے کسی اورملک سے بھی آفرہوا توضرور کام کرونگی۔ اس وقت توبس اتنا ہی کہہ سکتی ہوں کہ مختصر عرصہ میں جومقام ملا، اس کوبرقراررکھنے اور لمبی اننگز کھیلنے کے لیے معیار میری اولین ترجیح رہے گا۔
Load Next Story