خیبرپختونخوا نے پنجاب کو شکست دے کر پاکستان کپ اپنے نام کرلیا

312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کی پوری ٹیم 36.1 اوور میں پویلین لوٹ گئی۔

312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کی پوری ٹیم 36.1 اوور میں پویلین لوٹ گئی۔ فوٹو: آن لائن

خیبرپختونخوا نے پنجاب کو فائنل میچ میں 151 رنز سے شکست دے کرپاکستان کپ 2016 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے جس کے جواب میں پنجاب کی پوری ٹیم 36.1 اوورز میں 160 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے فخر زمان مین آف دی میچ قرار پائے جنہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 111 گیندوں پر 115 رنز بنائے۔


خیبرپختونخوا کی جانب سے احمد شہزاد نے 62 اور یونس خان 49 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں زوہیب خان 12، فہیم اشرف 31، مصدق احمد 19، بسمہ اللہ خان 5، یاسرشاہ 4 اور سمین گل بغیرکوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ پنجاب کی جانب سے عماد بٹ نے 3، احسان عادل 2، عامر یامین ، کاشف بھٹی اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پنجاب کی ٹیم ابتدا سے ہی دشواری کا شکار رہی اور 5 کے مجموعی اسکور پر اوپننگ بلے باز سلمان بٹ بغیرکوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، شان مسعود 36، کپتان شعیب ملک 26 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ عامر یامین ایک، اسد شفیق 16، سیف بدر 10، احسان عادل 5 اور عماد بٹ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ کے پی کے کے یاسر شاہ اور زوہیب خان نے 3،3، ضیاالحق نے 2 ، محمد اصغر اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Load Next Story