باغی اور اُس کی بغاوت دونوں ہی شاندار

رونی اور سیہ پیار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے لیکن باپ کی ایک چال کے سبب دونوں کے درمیان تلخیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔

ویسے تو فلم کی کہانی آپکو پہلے ہی حصے میں واضح ہوجائے گی۔ لیکن اگلے حصے میں ایکشن سے بھرپور مناظر دیکھتے ہوئے پرستار ضرور محظوظ ہونگے۔

فلم کا نام بارش بھی رکھا جاسکتا تھا، کیونکہ فلم باغی کا پلاٹ 2004 میں بنی تیلگو فلم ''ورشم'' سے لیا گیا ہے۔ جس کے معنی بارش کے ہیں اور فلم میں جہاں ہیرو اور ہیروئن ملتے ہیں بارش ضرور ہوتی ہے۔

سنجیو دتہ کے قلم سے لکھی گئی اس فلم کے ہدایتکار صابر خان ہیں جبکہ فلم کی مرکزی کاسٹ میں ہیرو پنتی سے ڈیبیو کرنے والے جیکی شیروف کے صاحبزادے ٹائیگر شروف اور عاشقی ٹو سے فلموں کی دنیا میں قدم رکھنے والی شکتی کپور کی صاحبزادی شردھا کپور شامل ہیں۔

شکل و صورت کے معاملے میں فلم کے ولن بھی کسی سے کم نہیں، فلم میں سدھیر بابو نے ولن کا کردار ادا کیا ہے جنہوں نے اپنے فلمی کرئیر کا آغاز تیلگو فلم انڈسٹری سے کیا تھا۔
''اتنی بھی کیا جلدی ہے؟

ابھی تو میں نے اسٹارٹ کیا ہے''۔

فلم کا یہ ڈائیلاگ ٹائیگر شیروف نے بالکل اپنی پہلی فلم ہیرو پنتی کے انداز میں ادا کیا ہے، دوسری طرف شردھا کپور بھی ڈائیلاگ بولنے میں پیچھے نہیں رہیں۔ جن کا یہ ڈائیلاگ ''تو بہت آگے جائے گا'' بہت اچھی طرح سے ادا ہوا ہے۔



یہ وہ ڈائیلاگ ہے جو شردھا نے فلم ایک ولن کے انداز میں ادا کیا ہے۔ ٹائیگر شیروف (رونی) کے باپ کو احساس ہے کہ اس کا بیٹا باغی ہوچکا ہے اور وہ اپنے بیٹے کو سدھارنے کی غرض سے کیرالا بھیجتا ہے۔ ٹائیگر (رونی) اور شردھا (سیہ) کی ملاقات کیرالا جاتے ہوئے ٹرین کے سفر میں ہوتی ہے اور وہیں سے ان کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوتا ہے۔ اس موقع پر گانے ''چھم چھم'' کو موسیقی کے اعتبار سے خوب فلمایا گیا ہے۔

کیرالا میں رونی کے باپ کا دوست (گروہ جی) رونی کو کلاری پیاٹو نامی مارشل آرٹس سکھاتا ہے۔ رونی کی ٹریننگ کس طرح ہوگی آپ بھی یہ فلم دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔ سیہ اور رونی کی محبت بھری کہانی میں سدھیر بابو (راگھو) ولن بن کر آئے گا۔ راگھو کو فلم میں رونی کے گروہ جی کا بیٹا دکھایا گیا ہے۔ راگھو محبت کی اس جنگ میں اپنے باپ کو بھی نہیں بخشتا۔




فلم میں سنیل گورو نے سیہ کے باپ کا کردار ادا کیا ہے، جسے لالچی دکھایا گیا ہے۔ راگھو بھاری رقم دیکر سیہ کے باپ سے اس کا ہاتھ مانگ لیتا ہے۔ رونی اور سیہ اپنے پیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے لیکن باپ کی صرف ایک چال سارا کام بگاڑ دیتی ہے اور رونی اور سیہ کے درمیان تلخیاں پیدا ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ فلم کا دوسرا حصہ ایکشن فلموں کے چاہنے والوں کے لئے بہترین تحفہ ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ٹائیگر شیروف نے فلم کے مشکل اسٹنٹس خود انجام دیئے ہیں۔

فلم کے دوسرے حصے میں رونی، راگھو سے سیہ کو چھڑانے کے لیے جو کچھ بھی کرے گا، وہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ اگر وہ کوششیں یہاں بتادی گئیں تو فلم کا مزہ خراب ہوسکتا ہے۔



فلم کے پہلے حصے میں سنیل گورو اور دوسرے حصے میں تھائی لینڈ کے ایک ٹیکسی ڈرائیور کا کردار ادا کرتے سنجے مشرا کے ذریعے مزاح کے عنصر کو بھی شامل کیا گیا ہے، لیکن مجموعی طور پر باغی ایک ایکشن ڈرامہ فلم ہے۔ جہاں رومانوی مناظر کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے بارش کی مدد لی گئی ہے۔ فلم میں 5 گانے شامل ہیں، جبکہ فلم کے 2 ڈائیلاگز کی مشہوری پر کافی زور دیا گیا ہے۔ فلم باغی نے گزشتہ 2 روز میں اچھا بزنس کیا ہے اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ سینما گھروں میں اس ہفتے کوئی اور ہندی فلم موجود نہیں ہے۔



ویسے تو فلم کی کہانی آپکو پہلے ہی حصے میں واضح ہوجائے گی۔ لیکن اگلے حصے میں ایکشن سے بھرپور مناظر دیکھتے ہوئے پرستار ضرور محظوظ ہونگے۔ کسی منظر میں دھوم فلم کے رتیک روشن اور ایشوریہ رائے کا گمان ہوگا تو کسی گانے میں اشوکا کے شاہ رخ اور کرینہ کا روپ دکھائی دے گا۔

فلم کی شروعات میں دل والے دلہنیا لے جائینگے، جیسا ماحول بھی بنے گا۔ فرق صرف اتنا ہوگا کہ سمرن اور اسکا باپ ریل کے اندر اور شاہ رخ پلیٹ فارم پر بھاگ رہا ہوگا۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔



اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔

Load Next Story