چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم

کھلاڑیوں کو سخت محنت کرائی، ٹیم بہتر نتائج دینے میں کامیاب رہے گی، کوچ

کھلاڑیوں کو سخت محنت کرائی، ٹیم بہتر نتائج دینے میں کامیاب رہے گی، کوچ فوٹو : آئی این پی

آسٹریلیا میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہو گیا، کھلاڑی19نومبر کو دوبارہ لاہور میں اکٹھے ہوں گے جہاں سے اگلے روز روانگی طے ہے۔

یکم سے9 دسمبر تک میلبورن میں شیڈول میگا ایونٹ سے قبل گرین شرٹس انٹرنیشنل سپر سیریز نائن اے سائیڈ ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کریں گے ، اس کے میچز پرتھ میں 22سے 25 نومبر تک شیڈول ہیں۔ دورے میں قیادت کے فرائض دفاعی کھلاڑی محمد عمران انجام دیں گے جبکہ ان کے نائب محمد وقاص ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس نیوزی لینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور8 ٹیموں میں ساتویں پوزیشن ملی تھی۔ جمعے کو کھلاڑیوں نے چیف کوچ اختر رسول کی زیرنگرانی جوہر ٹائون ہاکی اسٹیڈیم میں پہلے سیشن میں ٹریننگ کی۔


تربیت حاصل کرنے والوں میں عمران شاہ، عمران بٹ(گول کیپرز)، محمد عمران (کپتان)، محمد عتیق اور سید کاشف شاہ(فل بیکس)، وسیم احمد، محمد توثیق، فرید احمد، راشد محمود اور محمد رضوان جونیئر(ہافس) جبکہ محمد وقاص شفقت رسول، محمد عمر بھٹہ، عبدالحسیم خان، شکیل عباسی، محمد کاشف علی ، محمد رضوان سینئر اور علی شان (فارورڈز) شامل تھے۔اختر رسول کے مطابق کیمپ میں کھلاڑیوں کو سخت محنت کرائی گئی، وہ پُرامید ہیں کہ ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں بہتر نتائج دینے میں کامیاب رہے گی۔

میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں شریک کوئی بھی ٹیم آسان نہیں اس لیے بھر پور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔اختر رسول نے کہا کہ لندن اولمپکس کے دوران نظر آنے والی خامیوں کو کیمپ میں دور کرنے کی پوری کوشش کی،پلیئرز نے بھی بھر پور محنت اور لگن سے ٹریننگ کی اور عمدہ کارکردگی کیلیے پُرامید ہیں۔
Load Next Story