آئی فون استعمال کرنے والے ایک بار پھر ہیکرز کے نشانے پر

ہیکرز کی جانب سے آئی فون استعمال کرنے والوں کو میسیج بھیجے جارہے ہیں جن کا مقصد صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنا ہے

ہیکرز کی جانب سے آئی فون استعمال کرنے والوں کو میسیج بھیجے جارہے ہیں جن کا مقصد صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ فوٹو؛فائل

ہیکرز ڈیجیٹل صارفین کو نقصان پہنچانے کیلئے آئے روز نئے نئے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں، اس بار آئی فون استعمال کرنے والے ایک بار پھر ہیکرز کے نشانے پر ہیں۔

اس بار ہیکرز کی جانب سے آئی فون صارفین کو کلاؤڈ اکاؤنٹ کے بارے میں ایک ایس ایم ایس ملتا ہے کہ ان کا اکاؤنٹ آج ایکسپائر ہو رہا ہے اس کی تجدید کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔ اس ایس ایم ایس میں ایک جعلی لنک دیا جاتا ہے جس پر کلک کرنے سے بالکل ایپل آئی کلاؤڈ کے اکاؤنٹ جیسا صفحہ کھلتا ہے۔ لیکن یہاں آئی فون صارفین نیا پاس ورڈ بنانے کے لیے اپنا پرانا پاس ورڈ اور جو بھی تفصیلات فراہم کریں گے دراصل وہ ہیکرز کے پاس پہنچ جائیں گی۔ اس طرح آئی فون استعمال کرنے والوں کا انتہائی اہم ڈیٹا جو کہ ان کے آئی کلاؤڈ اکاؤنٹ پر بیک اپ ہوتا ہے باآسانی چوری ہو سکتا ہے۔




اس دھوکے کو بالکل اصلی رنگ دینے کے لیے آنے والا میسج ایپل کی آئی سپورٹ کی جانب سے موصول ہوتا ہے اور اس میں صارف کو اس کے نام سے بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا جاتا ہے کہ آپ کی آئی کلاؤڈ آئی ڈی آج ایکسپائر ہو رہی ہے، اس طرح صارفین باآسانی یقین کر لیتے ہیں کہ یہ میسج درست ہے اور ایپل کی طرف سے آیا ہے۔ ایپل نے اپنے صارفین کو فوری خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی جعلی ای میلز اور ایس ایم ایس پر بالکل دھیان مت دیں بلکہ انھیں فی الفور حذف کر دیں۔
Load Next Story