ملک بھر میں حضرت عمرفاروق ؓ کا یوم شہادت عقیدت سے منایا گیا

ریلیاں،کانفرنسوں کاانعقاد،علما نے سیرت اوراسلام کیلیے خدمات پرروشنی ڈالی

ریلیاں،کانفرنسوں کاانعقاد،علما نے سیرت اوراسلام کیلیے خدمات پرروشنی ڈالی فوٹو : فائل

ملک بھرمیں خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروق ؓ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔

اس موقع پرمختلف شہروں میں نما زجمعہ کے بعد ریلیاں نکالی گئیں اورکانفرنسوں کاانعقادکیاگیا جن میں علمائے کرام نے حضرت عمرفاروق کی سیرت و کرداراوراسلام کے لیے اِن کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ لاہور میں اہل حدیث یوتھ فورس کے زیراہتمام لاہور بتی چوک میں شہادت عمر ؓ کانفرنس منعقدکی گئی۔ جس سیخطاب کرتے ہوئے اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے صدرحافظ ذاکرالرحمن صدیقی نے کہا کہ حضرت عمرؓ کی بہترین اصطلاحات آج بھی حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔


حکمران نتیش کمار کو آئیڈیل بنانے کے بجائے حضرت عمرفاروق کو اپنا آئیڈیل بنائیں،ان کی طرزحکمرانی اختیار کرنے سے ہی ملک میں خوشحالی آ سکتی ہے۔حافظ فیصل افضل شیخ ، حافظ محمد عمران تبسم،حافظ منظورالٰہی، نعمت اللہ ظفر، عطاالرحمن حقانی نے بھی خطاب کیا ۔کانفرنس میں متفقہ قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ صحابہ کرامؓ کے حوالے سے گستاخانہ کتب کو فوری ضبط کیا جائے۔ صحابہ کرامؓ اور اہل بیتؓ کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

راولپنڈی میں شہادت حضرت عمر ؓ کے موقع پر''دور فاروقی اور آج کا پاکستان'' کے عنوان سے منہاج القرآن علما کونسل کے زیر اہتمام ضلعی سیکریٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میںہونے والے سیمینار منعقدکیاگیا ۔سیمینارسے علامہ ایاز امین نقشبندی ،علامہ نفیس القادری ،علامہ اظہر محمود مغل اور علامہ ظل حسین قادری نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ آج ریاست پاکستان فاروقی ؓ صفت لیڈر کی تلاش میں ہے جو حکمت و بصیرت اور تدبر سے پاکستان کی کشتی کو منجدھار سے نکال کر ساحل مراد تک لے جائے۔ علامہ ہاشم حقانی نے کہا کہ حضرت عمر فاروق ؓ کا دورحکومت، ایک مثالی فلاحی ریاست بنانے کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ پشاور،کوئٹہ اورکراچی سمیت ملک کے دیگرشہروں میں بھی ریلیوں اورکانفرنسوں کاانعقادکیاگیا۔
Load Next Story