آئندہ انتخابات میں جوڈیشل افسروں کی شمولیت کی الیکشن کمیشن کی درخواست منظور
انتخابی عمل میں شامل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور ایڈیشنل سیشن ججز کو ڈی سی او کے اختیارات حاصل ہوں گے۔
قومی جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی نے آئندہ عام انتخابات میں عدالتی افسران کی شمولیت کی الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرلی ہے ۔
اسلام آباد میں چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی سازکمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ عام انتخابات میں جوڈیشل افسروں کی شمولیت کی الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرلی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ ہوا کہ انتخابی عمل میں شامل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور ایڈیشنل سیشن ججز کو ڈی سی او کے اختیارات حاصل ہوں گے۔
چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے کے لئے تمام اختیارات استعمال کرے گا، اس سے آنےوالی جمہوری حکومت کو دوام ملے گا، ماضی میں جوڈیشل افسران کی الیکشن ڈیوٹی سے عدالتی کام متاثرہوا۔ چند سال سے عدلیہ نے اپنی آزادی کے لئے سخت جدوجہد کی اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم نے آزادی حاصل کرلی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے جوڈیشل افسران کی بطور ریٹرننگ آفیسرز خدمات حاصل کرنے کی درخواست کی تھی۔ جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی نے مکمل غور کے بعد درخواست منظور کی ہے