جدید کمپیوٹر نظام جرائم کے خاتمے میں مدد گار ہوگا گورنر سندھ

پولیس محدود وسائل و مشکلات کے باوجودجانوں پر کھیل کرعوام کے جان ومال کا تحفظ کررہی ہے، پولیس اہلکاروں کوسلام کرتا ہوں۔

آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاروںکومفت زمین دینگے ،ای پولسینگ نظام کا افتتاح اور ارفع کریم آئی ٹی سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب فوٹو: پی پی آئی/ فائل

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور جرائم پر قابو پانے اور امن و امان قائم کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے پولیس کو دیا جانے والا جدید کمپیوٹر نظام مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگا ،اس نظام سے فائدہ اٹھا کرعوام کو ثمرات پہنچانے ہوں گے۔


علاقائی بنیاد پر بھی کمانڈ اور کنٹرول خفیہ کیمروں سمیت دیگر سہولیات سے فائدہ اٹھایا جائے، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ ہوئے تو پیچھے رہ جائیں گے ،چیلنجز کا مقابلہ کر کے ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے،انھوں نے ان خیالات کااظہار ہفتہ کو گورنر ہائوس میں محکمہ آئی ٹی کے تحت ای پولیسنگ نظام اور ارفع کریم آئی ٹی سٹی کے سنگ بنیاد اور ماسٹر پلان کی تقریب رونمائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب سے صوبائی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون ، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی صالح فاروقی، ایڈیشنل آئی جی سندھ فلک خورشید نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر صنعت کار ایس ایم منیر، قاسم تیلی، زبیر موتی والا، میاں زاہدحسین، محمد اقبال اور پولیس حکام سمیت دیگر بھی موجود تھے، گورنر سندھ نے کہا کہ ان منصوبوں کا آغاز خوش آئند ہے۔

ای پولسینگ نظام کے ذریعے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی ہوگی بلکہ دہشت گردی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی،انھوں نے کہا کہ پولیس کو ملنے والے اس نظام سے بھرپورپور فائدہ اٹھانا چاہیے،ہماری پولیس جس ماحول میں کام کررہی ہے اور محدود وسائل ومشکلات کے باوجود جانوں پر کھیل کر عوام کے جان ومال کا تحفظ کیا جارہا ہے اس کوسلام کرتا ہوں،انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اچھے واقعات پس پردہ چلے جاتے ہیں اور چھوٹی برائی کو اچھالا جاتا ہے،انھو ں نے کہا کہ ارفع کریم آئی ٹی سٹی کا سنگ بنیاد خوش آئند ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے اس کے دور رس اثرات سامنے آئیں گے تاجر برادری آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرے ، سرمایہ کاری کر نے والوں کے ساتھ حکومت تمام تر تعاون کرے گی اور مفت زمین فراہم کی جائے گی۔
Load Next Story