محرم حساس اضلاع میںفوج تعینات کرنے کا فیصلہ

9،10محرم کو موبائل سروس بند کرنے پرغور،سندھ کے تمام اضلاع میں دفعہ144 نافذ.

کوئٹہ میں فوج کی 3 ایف سی کی 21 پلاٹون تعینات،پختو نخوا حکومت کو 3 ہیلی کاپٹرفراہم. فوٹو: اے پی پی

محرم الحرام میں دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔


پنجاب کے 17اضلا ع کوحساس قرار دیدیا گیا ہے ،پولیس نے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے خدشے کے پیش نظر پنجاب میں 929علما کے دا خلے پر پابندی کی سفارش کی ہے،کئی شہروں میں نو اور دس محرم کو موبائل سروس بھی بند کیے جانے پرغور شروع کردیا گیا۔حساس اضلاع میں فوج تعینات کی جا ئے گی۔ اسلام آباد سمیت پنجاب کے 17، خیبر پختو نخوا کے آٹھ اور سندھ کے تمام اضلاع میں دفعہ144 نافذ کر دی گئی ہے،کراچی حیدرآباد، خیر پور، بدین میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پنجاب میں 439 علما کو عاشورہ محرم کے دوران مذہبی اجتماعات سے خطاب کرنے سے روک دیاگیا ہے۔

صوبے بھر میں ایک لاکھ اٹھارہ ہزار 308اہلکار تعینات کیے جائینگے ۔ ادھر صوبائی سیکریٹری داخلہ بلو چستان اکبر حسین نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں 5478 اہلکاروںکو تعینات کیا گیا ہے،فوج کی 61 بریگیڈ کی3 جبکہ ایف سی کی مزید 21 پلاٹون سول انتظامیہ کی مدد کیلیے چوکس ر ہیں گی،کوئٹہ، کچھی بولان، سبی، نصیرآباد، جعفراباد، ژوب اور لورالائی میں حالات کے مطابق سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ صوبے میں ڈبل سواری،کالے شیشے والی گاڑیوں اوراسلحہ نمائش پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ادھر وزارت داخلہ کی طرف سے نو اور دس محرم الحرام کو ماتمی جلوسوں کے موقع پر دہشتگردی کے پیش نظر موبائل سروس بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے جس کیلیے وزیراعظم سے منظوری لی جا ئیگی ،خیبر پختونخوا میں پاک فوج کی12 پلاٹون حساس ترین اضلاع میں تعینات کی جائینگی ۔ وفاقی حکومت نے خیبر پختو نخوا حکومت کو 3ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے علاوہ فوج کے بارہ پلاٹون کی خدمات بھی فراہم کر دی ہیں۔
Load Next Story