شام میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر ہلاک

مصطفیٰ بدرالدین حزب اللہ کے لیڈرحسن نصراللہ کے بعد دوسرے اعلی عہدیدار سمجھے جاتے تھے۔

مصطفیٰ بدرالدین حزب اللہ کے لیڈرحسن نصراللہ کے بعد دوسرے اعلی عہدیدار سمجھے جاتے تھے۔ فوٹو:رائٹرز

شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈرمصطفیٰ بدرالدین ہلاک ہوگئے۔


غیرملکی میڈیا کے مطابق مصطفیٰ بدرالدین کو دمشق ایئرپورٹ کے قریب واقع لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کے مرکزمیں نشانہ بنایا گیا جب کہ کارروائی میں مصطفیٰ بدالدین ہلاک اور ان کے ساتھیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے اس اطلاع پرکوئی رد عمل جاری نہیں کیا گیا تاہم حزب اللہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک عظیم جہادی رہنما تھے جب کہ اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں کہ یہ حملہ فضائی تھا یا انہیں میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ بدرالدین حزب اللہ کے لیڈرحسن نصراللہ کے بعد دوسرے اعلی عہدیدارسمجھے جاتے تھے اوروہ 1982 کے بعد سے ہونے والے حزب اللہ کے اہم آپریشنز کا حصہ رہے تھے جس میں زیادہ تر اسرائیل کو ہدف بنایا گیا تھا جب کہ ان پر 2005 میں لبنانی وزیراعظم رفیق الحریری کے قتل میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی موت کو 2008 میں عماد مغنیہ کی ہلاکت کے بعد حزب اللہ کا سب سے بڑا نقصان قراردیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ لبنان کی عسکریت پسند ایران نواز تنظیم حزب اللہ کے ہزاروں جنگجو شامی صدر بشارالاسد کی فوج کے ساتھ مل کر باغیوں اور عسکریت پسندوں سے لڑائی میں مصروف ہیں جب کہ اب تک سینکڑوں جنگجو مارے جاچکے ہیں۔
Load Next Story