ایم ڈی کے ای ایس سی قتل کیس بیوہ شاہد حامد نے منہاج قاضی کو شناخت کرلیا

ایم کیوایم کےمرکز نائن زیرو کےاطراف تقریبا 3 سو ٹارگٹ کلرز رہائش پذیر تھے، منہاج قاضی کی جے آئی ٹی رپورٹ میں انکشافات

ایم ڈی کے ای ایس سی کو جولائی 1997 میں قتل کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

سابق منیجنگ ڈائریکٹر کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس کی عینی شاہد نے ملزم منہاج قاضی کو شناخت کرلیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق شاہد حامد قتل کیس میں ملزم منہاج قاضی کوجوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ انیس احمد برڑو کی عدالت میں شناختی پریڈ کے لئے پیش کیا گیا جب کہ اس موقع پر ایم ڈی کے ای ایس سی قتل کیس کے عینی شاہد شہناز شاہد اورعمرشاہد بھی عدالت میں موجود تھے۔ ملزم کو دیگر افراد کے ہمراہ کھڑا کر کے عینی شاہدین کے سامنے پیش کیا گیا جس پر عینی شاہدین نے منہاج قاضی کو شناخت کرلیا۔

شاہد حامد کی اہلیہ کا اپنے ریکارڈ میں کہنا تھا کہ میرے شوہر پر مہناج قاضی نے صولت مرزا کے ہمراہ کلاشنکوف سے فائرنگ کی اور میں اس کی عینی شاہد ہوں۔


دوسری جانب ملزم منہاج قاضی نے جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم کے سامنے سنسنی انکشافات کئےہیں۔ رپورٹ کےمطابق 2013 میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کے اطراف میں ڈھائی سے تین سو ٹارگٹ کلرز رہائش پذیر تھے 2014 میں ٹارگٹ کلرز کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا، اسی معاملے پر قائد ایم کیو ایم اور انیس قائم خانی میں اختلافات پیدا ہوئے کیوں کہ انیس قائم خانی ٹارگٹ کلرز کے علاقہ خالی کرنے کے فیصلے کےخلاف تھے، انہی اختلافات پرانیس قائم خانی دبئی چلے گئے تھے۔

واضح رہے کہ سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد کو 5 جولائی 1997 کو قتل کیا گیا تھا جب کہ شاہد حامد کے قتل میں ایک ملزم صولت مرزا کو پہلے ہی پھانسی دی جا چکی ہے۔

Load Next Story