اپوزیشن نے اپنے ٹی او آرز میں قرضے معاف کرانے کا معاملہ ہضم کرلیا شہباز شریف

سب کے احتساب کا وقت آگیا پوری قوم متفق ہے اور اب فیصلہ ہوجانا چاہیئے، وزیراعلی پنجاب

سب کے احتساب کا وقت آگیا پوری قوم متفق ہے اور اب فیصلہ ہوجانا چاہیئے، وزیراعلی پنجاب۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نےاپنا مقدمہ ایوان میں پیش کیا لیکن اپوزیشن کے ٹی او آر میں قرضے معاف کرانے کا معاملہ ہضم کرلیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر متحدہ اپوزیشن اب متحد نہیں رہی، وزیراعظم نوازشریف نے اپنا مقدمہ ایوان میں پیش کیا لیکن اپوزیشن کے ٹی او آر میں قرضے معاف کرانے کا معاملہ ہضم کرلیا گیا ہے، اپوزیشن کے ٹی او آر سے لگتا ہے صرف ایک شخص کا معاملہ ہے جس میں کرپشن کا کوئی ذکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم دھرنے کی سیاست کرنے والوں کے گریبان پکڑے گی، پتہ لگنا چاہیئے کہ اربوں روپے کی زمینوں پر کس نے قبضے کئے، احتساب کا وقت آگیا پوری قوم متفق ہے اور اب فیصلہ ہوجانا چاہیئے۔ شفاف پاکستان کی منزل اور سچ سامنے لانے کا وقت آگیا لیکن اشرافیہ نہیں چاہتی کہ غریب عوام کو بہترین سفری سہولیات مہیا ہوں۔


وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری نہیں ہوئی،1320میگاواٹ پورٹ قاسم کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے، شمسی توانائی منصوبے سے300 میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے جسے نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل کیا جارہا ہے، بجلی بحران پر قابو پانے والے تمام انرجی منصوبے 2018 میں مکمل ہو جائیں گے جب کہ توانائی منصوبوں پرقوم کے112 ارب بچائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم فیصلہ کرنا چاہتی ہے کہ کون پاکستان کی بہتری کے لئے کام کر رہا ہے اور کون نہیں، ترقی دشمن قوتوں کو شکست دیں گے۔

وزیراعلی پنجاب کا کہناتھا کہ مجھے فخر ہے کہ میرے والد کا تعلق غریب خاندان سے تھا،1972 میں جب ہماری صنعتیں نیشنلائز کی گئیں تو ہمارا کارخانہ بھی اس میں شامل تھا جہاں زرعی آلات اور دفاعی مشینری بھی بنتی تھی۔

Load Next Story