نائٹ ٹیسٹ آسٹریلیا نے خصوصی ٹکٹیں متعارف کرادیں

شائقین آخری دو سیشنز کا کھیل دیکھنے کیلیے کم قیمت پرگراؤنڈ میں آسکیں گے

شائقین آخری دو سیشنز کا کھیل دیکھنے کیلیے کم قیمت پرگراؤنڈ میں آسکیں گے فوٹو : فائل

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف نائٹ ٹیسٹ کیلیے خصوصی ٹکٹیں متعارف کرادیں، شائقین کو شام ڈھلنے کے بعد کی ٹکٹیں ارزاں قیمت پر فروخت کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ 15 سے 19 دسمبر تک برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، اس مقابلے کیلیے کرکٹ آسٹریلیا نے خصوصی ٹکٹیں متعارف کرائی ہیں جوکہ دن کے آخری دو سیشنز کیلیے ہونگی تاکہ لوگ اپنے دفاتر وغیرہ سے فارغ ہوکر کم قیمت ٹکٹ پر میچ کا لطف اٹھاسکیں۔ اس سلسلے میں بالغ افراد کیلیے ٹکٹ کی قیمت 20 ڈالر اور بچوں کیلیے 10 ڈالر سے شروع ہوگی، فیملیز کیلیے ٹکٹوں کی قیمت کا آغاز 45 ڈالر سے ہوگا۔ اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ شائقین کو اسٹیڈیم کی جانب لانا ہے۔


گذشتہ برس ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گئے تاریخ کے پہلے نائٹ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 23 ہزار 736 تماشائی شریک ہوئے تھے جن میں سے 14 فیصد نے اسی قسم کی خصوصی ٹکٹوں سے استفادہ حاصل کیا تھا، رات میں میچ کے انعقاد کی وجہ سے ٹی وی ناظرین کی تعداد بھی 1.37 ملین رہی تھی۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ایگزیکٹیو جنرل منیجر آپریشنز مائیک میک کینا کہتے ہیں کہ شام کیلیے مخصوص ٹکٹوں سے کوئنز لینڈ کے شائقین کو ڈے نائٹ ٹیسٹ سے لطف اندوز ہونے کا زیادہ موقع ملے گا۔

ہمیں یقین ہے کہ ایڈیلیڈ کی طرح یہاں کوئنز لینڈ کے لوگ بھی نائٹ ٹیسٹ کو شرف قبولیت بخشیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ 31 مئی سے فروخت کیلیے پیش کی جانیوالی ٹکٹوں میں جنوبی افریقہ کیساتھ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی ٹکٹیں شامل نہیں کیونکہ پروٹیز کو رات میں پانچ روزہ میچ کھیلنے پر راضی کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
Load Next Story